بلوچستان میں پہلی گرلز اسکول کرکٹ اکیڈمی کا قیام

کوئٹہ کے النساء اسکول میں پہلی گرلز کرکٹ اکیڈمی قائم کردی گئی، اکیڈمی میں اسکول کی طالبات قومی خاتون کرکٹر ناہیدہ خان اور پی سی بی کے کوچ عقیل خان کی زیرنگرانی تربیت حاصل کریں گی

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 18 جولائی 2019 17:46

بلوچستان میں پہلی گرلز اسکول کرکٹ اکیڈمی کا قیام
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جولائی2019ء) النساء اسکول کوئٹہ میں صوبہ بلوچستان کی پہلی گرلز اسکول کرکٹ اکیڈمی قائم کردی گئی ہے۔اکیڈمی کا قیام پاکستان کرکٹ بورڈ کے "کرک فار اس " پروگرام کے اشتراک سے عمل میں لایا گیا ہے۔ 2018 سے گراس روٹ لیول پر کام کرنے والا "کرک فار اس "گرلز پروگرام پی سی بی کے ویمن کرکٹ ویژن 2022 کا حصہ ہے۔ پروگرام کا مقصد اسکول اور تعلیمی اداروں کےباہمی تعاون سےخواتین کرکٹ کے فروغ کے لیے نچلی سطح پر جا کر کام کرنا ہے۔

اکیڈمی کا افتتاح 17 جولائی بروز بدھ کیا گیا تاہم اکیڈمی میں باقاعدہ ٹریننگ کا آغاز عید الضحیٰ کے بعد شروع ہوگا۔ اس موقع پر سنیئر جنرل منیجر ویمن کرکٹ پی سی بی شاہد اسلم کا کہنا ہے "ہم خواتین کرکٹ کے فروغ کے لیے جاری اپنے اس پروگرام میں اضافے سے بہت خوش ہیں۔

(جاری ہے)

پی سی بی نے نچلی سطح تک کرکٹ کے فروغ کے لیے جامع منصوبہ بندی کررکھی ہے۔

" " النساء اسکول میں گرلز کرکٹ اکیڈمی کے قیام سے ہمیں کوئٹہ سے ٹیلنٹ کی تلاش میں مدد ملے گی جو مستقبل میں بلوچستان کے لیے معاون ثابت ہوگا۔ اکیڈمی کے انتظامات النساء اسکول کے سپرد ہوں گے ۔ تاہم پی سی بی کے کوچ عقیل خاناور قومی خاتون کرکٹر ناہیدہ خان بھی اکیڈمی کی سہولیات اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے رہیں گی۔" "گراس روٹ لیول پر جاری یہ پروگرام اسکول کی طالبات کے لیےقومی سطح تک پہنچنے سے قبل ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔

ملک بھر میں جاری یہ منصوبہ خواتین کرکٹ کے نئے ٹیلنٹ کی تلاش کی جانب مثبت قدم ہے۔ " علاوہ ازیں ملک بھر سے ٹیلنٹ کے تلاش کے لیے پی سی بی سرکاری اور نجی ا سکولز کے ساتھ باہمی تعاون جاری رکھے گا جبکہ پی سی بی کے کوچز اکیڈمی میں تربیت حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے رہیں گے۔
وقت اشاعت : 18/07/2019 - 17:46:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :