پاکستان کرکٹ بورڈ کا وفد آئندہ ہفتے بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ کا دورہ کرے گا، وفد اسٹیڈیم کے اردگرد کمرشل سہولیات کے مواقع پیدا کرنے کا جائزہ لے گا

جمعہ 19 جولائی 2019 23:08

لاہور۔19 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کا اعلیٰ سطح کا وفد 26 جولائی کو بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ کا دورہ کرے گا۔ وفد اسٹیڈیم کے اردگرد کمرشل سہولیات کے مواقع پیدا کرنے کا جائزہ لے گا۔دورہ پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کے نتیجے میں کیا جارہا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ اسٹیڈیم میں کمرشل سہولیات پیدا کرنے کے لیے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

فیملیز اور نوجوانوں کے لیے صحت مندانہ سرگرمیاں پیدا کرنے سے روزگار کے ساتھ ساتھ پی سی بی کی آمدن بھی بڑھائی جاسکتی ہے۔ بگٹی اسٹیڈیم کے اردگرد کمرشل سہولیات کے مواقع بڑھانے سے پیدا ہونے والی آمدن کو ریجنل کرکٹ کی ترقی پر خرچ کیا جائے گاجوپی سی بی کی حکمت عملی کے تحت الحاق شدہ یونٹس کی صلاحیتیں اور روزگار کے مواقع بڑھانے میں مدد دے گا۔

(جاری ہے)

وفد میں وزارتِ بین الصوبائی رابطہ کے سیکرٹری، اکبر درانی، شاہ دوست اور پی سی بی کے نمائندگان شامل ہوں گے۔ بی او جی نے اپنے گذشتہ اجلاس میں ایک ورکنگ گروپ کا قیام کیا تھا جس میں ایم ڈی پی سی بی وسیم خان، چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد، چیف فنانشل آفیسر بدر منظور خان اور ڈائریکٹر انفراسٹرکچر اینڈ رئیل اسٹیٹ خیام قیصر شامل ہیں۔ ورکنگ گروپ کے متعدد نمائندگان بھی وفد میں شامل ہوں گے۔

دورے کے دوران،پی سی بی کے کنسلٹنٹ،نیشنل انجینئرنگ سروسز پاکستان کے نمائندگان وفد کو بریفنگ دیں گے۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی، قذافی اسٹیڈیم لاہور اور ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کی طرح بگٹی اسٹیڈیم ب بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کی ملکیت ہے۔اس موقع پر سبحان احمد کا کہنا ہے '' پی سی بی کا نظریہ صرف بلوچستان کی عوام کو کرکٹ کی بہتر سہولیات فراہم کرنا نہیں بلکہ ان کے لیے روزگار، آمدن اور تفریح کے مزید مواقع پیدا کرنا بھی ہماری ترجیح ہے۔

بگٹی اسٹیڈیم کی مرمت کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا۔ اب دوسرے مرحلے میں اسے کمرشلائز کیا جارہا ہے۔ یہ قدم بگٹی اسٹیڈیم کے وسائل مکمل کرنے کے لیے لیا جارہا ہے۔ جو خطے میں کرکٹ کی سرگرمیاں بڑھانے کے ساتھ ساتھ مقامی افراد کے لیے روزگار اور آمدن کے ذرائع بھی بڑھائے گا۔سبحان احمد نے مزید کہا کہ پی سی بی کو یقین ہے کہ اس نئی حکمت عملی سے مقامی فیمیلز کو بگٹی اسٹیڈیم لانے میں مدد ملے گی۔

دوسری جانب ملک بھر کے اسٹیڈیمز کے انفراسٹرکچر میں جدت لانے کے لیے پی سی بی کے ویژن کے مطابق اعلیٰ افسران پر مشتمل ایک ٹیم نے جمعرات کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔اس دورے کا مقصد اسٹیڈیم کو نیسپاک نمائندگان کے باہمی تعاون سے مکمل کرکے سیزن 2019 تا 2020 سے قبل مرمتی کام مکمل کرنا ہے۔ پی سی بی ایونٹس ٹیم جلد ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ بھی کریگی۔

جس کے بعد ٹیم اپنی سفارشات مرتب کر کے نیسپاک کے حوالے کرے گی تاکہ پی سی بی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا یہ عمل بڑے میچز سے قبل مکمل کرلیا جائے۔پی سی بی کی جانب سے انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کا یہ عمل درجہ بدرجہ جاری ہے۔ جو قذافی اسٹیڈیم لاہور کی مرمت سے شروع ہونے والا یہ عمل ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کی مرمت سے مکمل ہوگا۔
وقت اشاعت : 19/07/2019 - 23:08:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :