وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کا دورہ،بین الاقوامی اور قومی ٹائٹل جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے

ہفتہ 20 جولائی 2019 22:17

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کا دورہ،بین الاقوامی اور قومی ٹائٹل جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے
لاہور۔20 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ہفتہ کے روز نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا، نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس آمد پر صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا پرتپاک استقبال کیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے قومی ویل چیئر کرکٹ ٹیم کو ایشیئن ویل چیئر ٹی 20کرکٹ کپ جیتنے پر 5لاکھ روپے ، سنوکر ٹیم ورلڈ کپ جیتنے پر محمد بلال، اسجد اقبال اور ایشیا سنوکر کپ جیتنے والے بابر مسیح کو ایک ، ایک لاکھ روپے کے نقد انعامات دیئے، تینوں ایونٹ میں کھلاڑیوں نے فائنل میں بھارت کو شکست دیکر ٹائٹل جیتے، وزیراعلیٰ پنجاب نے 72ویں پنجاب گیمز 2019ء میں100 میٹر ریس میں تیز ترین اتھلیٹ قرار پانے والے اتھلیٹس علی احمد اورفائقہ ریاض کو 50،50 ہزار روپے اور بہترین باڈی بلڈر (ڈیف) قرار پانے پر اصغر علی کو 15ہزار روپے کے نقد انعامات دیئے، اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے 8سال بعد پنجاب گیمز اور 10سال بعد سالانہ سپورٹس کیلنڈر بحال کیا ہے جس سے سپورٹس کے کلچر کو فروغ ملا ہے، کھلاڑیوں کی تربیت اور نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کیلئے مختلف کھیلوں کے تربیتی کیمپ لگارہے ہیں، اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس پنجاب ندیم محبوب ، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس میں پول ، جم اور کلب کا تفصیلی معائنہ کیا، سیکرٹر ی سپورٹس پنجاب ندیم محبوب نے وزیراعلیٰ پنجاب کو سپورٹس منصوبوں اور سپورٹس کی سہولتوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی،وزیراعلی سردار عثمان بزدار نے جمنیزیم ہال اور پنجاب سٹیڈیم کا بھی دورہ کیا اور ان میں فراہم کی گئی سہولتوں کا جائزہ لیا، سردار عثمان بزدار نے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں ای لائبریری کا بھی افتتاح کیا، اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی بھی موجود تھے، وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ ای لائبریریز پنجاب کے 20اضلاع میں بنائی گئی ہیں جس میں جدید سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔
وقت اشاعت : 20/07/2019 - 22:17:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :