کرکٹ ٹیم کا کپتان بابر اعظم کو بنا دیا جائے، جاوید میاں داد کا مشورہ

پاکستان کرکٹ بورڈ کو پاکستان کرکٹ کی بہترین کیلئے اپنی ترجیحات بدلنا ہوں گی ، ٹیم کی کپتانی کے لیے نئے چہرے کی ضرورت ہے: جاوید میاں داد

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 21 جولائی 2019 17:11

کرکٹ ٹیم کا کپتان بابر اعظم کو بنا دیا جائے، جاوید میاں داد کا مشورہ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21جولائی 2019ء) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2019ء میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد کوچنگ سٹاف کی تبدیلی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے اس کے ساتھ ہی ٹیسٹ کرکٹ ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کرکٹ کیلئے بھی الگ الگ کپتان کی باتیں بھی گردش کر رہی ہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی اس کی ناقص کارکردگی کے باعث رن ریٹ پر منحصر تھی تاہم نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم بہتر رن ریٹ کی وجہ سے سیمی فائنل میں پہنچ گئی اور پھر بھارت کو شکست دے کر فائنل بھی کھیلا۔

میگا ایونٹ میں قومی ٹیم کا آغاز برا رہا اور ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ملنے والی عبرتناک شکست نے رن ریٹ بہت گرا دیا اور اس کے بعد ٹیم کو دوبارہ سنبھلنے کا موقع ہی نہ مل سکا۔اس لیے اب پاکستان کے مایہ ناز سابق کپتان جاوید میانداد نے سرفراز احمد کی جگہ بابراعظم کو ون ڈے ٹیم کا کپتان بنانے کا مشورہ دیدیا ہے جو ورلڈکپ میں پاکستان کے سب سے بہترین بلے باز ٹھہرے جنہوں نے 67 سے زائد کی اوسط کیساتھ 474 رنز بنائے جن میں نیوزی لینڈ کیخلاف میچ وننگ سنچری اور تین نصف سنچریاں بھی شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اس سے پہلے ون ڈے ٹیم کی کپتانی کیلئے عماد وسیم اور محمد حفیظ کے نام بھی زیر گردش کر رہے ہیں تاہم جاوید میانداد کا خیال ہے کہ کپتانی کسی ایسے کھلاڑی کو ملنی چاہئے جسے یہ ذمہ داری پہلے نہ ملی ہو۔ بابراعظم اس وقت پاکستان کے سب سے بہترین بلے باز ہیں اور لمبے عرصے تک پاکستان کی نمائندگی کرتے بھی نظر آتے ہیں۔ جاوید میانداد نے کہا ہے کہ ”پاکستان کرکٹ بورڈ کو پاکستان کرکٹ کی بہترین کیلئے اپنی ترجیحات بدلنا ہوں گی اور یہ فیصلہ کرنا ہو گا کہ آگے بڑھنا ہے یا مزید زوال پذیر ہونا ہے۔

ورلڈکپ کے بعد اب ہمیں ایک نئے چہرے کیساتھ نیا آغاز لینا ہے اس لئے بابراعظم ون ڈے ٹیم کی کپتانی کیلئے بہترین انتخاب ہو سکتے ہیں“۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے موجودی کپتان سرفراز احمد کہہ چکے ہیں کہ وہ خود کپتانی نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا تھا کہ انہیں کپتان پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنایا تھا اور وہی انہیں ہٹا سکتا ہے البتہ وہ خود کپتانی نہیں چھوڑیں گے۔
وقت اشاعت : 21/07/2019 - 17:11:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :