کمار دھرما سینا نے ورلڈ کپ فائنل میں اوور تھرو پر انگلینڈ کو 6 رنز دینے پر اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا

میدان میں ری پلے کی سہولت نہیں ہوتی، لیگ ایمپائر سے مشاورت کے بعد 6 رنز دیئے اور مجھے اپنے فیصلے پر کوئی پچھتاوا نہیں، سری لنکن ایمپائر

اتوار 21 جولائی 2019 18:10

کولمبو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2019ء) سری لنکن ایمپائر کمار دھرما سینا نے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے ورلڈ کپ فائنل میں اوور تھرو پر میزبان ٹیم کو 6 رنز دینے پر اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا اور کہا کہ میدان میں ری پلے کی سہولت نہیں ہوتی، میں نے لیگ ایمپائر ماریس ایراسمس سے مشاورت کے بعد چھ رنز دیئے تھے اسلئے مجھے اپنے فیصلے پر کوئی پچھتاوا نہیں ہے اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھی اس وقت میرے فیصلے کی تعریف کی تھی۔

14 جولائی کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے ورلڈ کپ فائنل میچ کے آخری اوور میں کیوی فیلڈر مارٹن گپٹل کی پھنیکی گئی تھرو انگلش بلے باز بین سٹوکس سے ٹکرا کر باؤنڈری لائن پار کر گئی تھی جس پر دھرما سینا نے میزبان ٹیم کو 6 رنز دیئے تھے، میچ ٹائی ہونے کے بعد سپر اوور میں بھی دونوں ٹیموں کے درمیان میچ برابر رہا تاہم انگلش ٹیم کو زیادہ بائونڈریز کی بنیاد پر فاتح قرار دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے ورلڈ کپ سیمی فائنل میچ میں جیسن روئے کو غلط کیچ آئوٹ دیئے جانے پر دھرماسینا کو کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم انہوں نے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ورلڈ کپ فائنل میں بھی غلط فیصلے دیئے، اوور تھرو پر انگلش ٹیم کو 5 کے بجائے 6 رنز دینے پر بھی ان کے فیصلے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور کرکٹ حلقوں میں تاحال اس پر بحث جاری ہے۔

سابق آسٹریلوی ایمپائر سائمن ٹوفل نے سب سے پہلے دھرما سینا کے فیصلے کو غلط قرار دیا تھا۔ سری لنکن ایمپائر دھرما سینا نے بھی بالاآخر خاموشی توڑ دی اور اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی وی ری پلیز دیکھنے کے بعد میں مانتا ہوں کہ فیصلے کی غلطی تھی لیکن میدان میں ری پلے کی سہولت نہیں ہوتی، میں نے لیگ ایمپائر ایراسمس سے مشاورت کے بعد انگلش ٹیم کو 6 رنز دیئے تھے اسلئے مجھے اپنے فیصلے پر کوئی پچتھاوا نہیں، ایسا کوئی قانون بھی نہیں کہ میں اسے تھرڈ ایمپائر کو ریفر کرتا کیونکہ کوئی رن آئوٹ واقع نہیں ہوا تھا، میں نے کمیونیکیشن سسٹم پر ایراسمس سے مشاورت کی، دیگر ایمپائرز اور میچ ریفری نے بھی ہماری گفتگو سنی لیکن انہوں نے ٹی وی ری پلے نہیں لیا اور انہوں نے بھی بیٹسمین کے رن مکمل ہونے کی تصدیق کی تھی جس کے بعد میں نے 6 رنز دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

وقت اشاعت : 21/07/2019 - 18:10:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :