انگلینڈ اور آئرلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ (آج) شروع ہوگا

منگل 23 جولائی 2019 09:45

لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2019ء) انگلینڈ اور آئرلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ (آج) بدھ سے لندن میں شروع ہوگا۔ انگلینڈ ٹیم کے لئے بری خبر یہ ہے کہ فاسٹ بائولر مارک ووڈ فٹنس مسائل کے باعث آئرلینڈ کے خلاف شیڈول واحد ٹیسٹ میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز میں شرکت بھی مشکوک ہو گئی۔

ووڈ سائیڈ سٹرین انجری میں مبتلا ہیں اور ڈاکٹرز نے طبی معائنے کے بعد انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے اسلئے وہ چار سے چھ ہفتوں تک کرکٹ میدانوں سے دور رہیں گے۔

(جاری ہے)

انگلینڈ نے آئرلینڈ کے خلاف شیڈول واحد کرکٹ ٹیسٹ میچ کیلئے پہلے ہی سکواڈ کا اعلان کر رکھا ہے۔ جیسن روئے اور لیوس گریگوری کی پہلی مرتبہ ٹیم میں طلبی ہوئی ہے۔ اولی سٹون اور جیک لیچ بھی سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہے البتہ جوز بٹلر، جوفرا آرچر اور بین سٹوکس کو آرام کا موقع دیا گیا ہے۔

انگلینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ (آج) بدھ سے شروع ہو گا۔ اعلان کردہ سکواڈ کپتان جوروٹ، معین علی، جیمز اینڈرسن، جونی بیئرسٹو، جیسن روئے، سٹورٹ براڈ، روری برنز، ثام کیورن، جوئے ڈینلی، لیوس گریگوری، جیک لیچ، اولی سٹون اور کرس ووکس پر مشتمل ہے۔
وقت اشاعت : 23/07/2019 - 09:45:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :