امریکی صدر کا وزیراعظم کو کرکٹ بیٹ کا تحفہ

ڈونلڈ ٹرمپ نے عمران خان کو سابق امریکی صدر آئیزن ہاور کی تصویر کا بھی تحفہ دیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 23 جولائی 2019 10:31

امریکی صدر کا وزیراعظم کو کرکٹ بیٹ کا تحفہ
واشنگٹن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23جولائی2019ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کو کرکٹ بیٹ کے ساتھ ساتھ جنگ عظیم دوم میں اتحادی فوج کے کمانڈر انچیف اورسابق امریکی صدر آئیزن ہاور کی تصویر تحفے میں دی ہے۔آئیزن ہاور پاکستان میں سٹیڈیم میں بیٹھ کر میچ دیکھنے والے واحد امریکی صدر ہیں،امریکی صدر آئیزن ہاور نے 1959ءمیں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور آسٹریلیا کا میچ دیکھا تھا،آئیزن ہاور نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات بھی کی تھی۔

گزشتہ روز ڈونلڈ ٹرمپ اور عمران خان کے درمیان واشنگٹن میں ملاقات ہوئی تھی جس کے دوران امریکی صدر نے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی تھی۔اس موقع پر امریکی صدر پاکستان اور بھارت کے درمیان بہتر تعلقات کی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ دورہ پاکستان کی دعوت دی گئی تو ضرور جاﺅں گا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان سے متعلق پاکستان کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان افغانستان کے حوالے سے ہماری بہت معاونت کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ خطے کا پولیس والا نہیں بننا چاہتا، پاکستان افغانستان سے نکلنے میں ہماری کافی مدد کر رہا ہے اور پاکستان افغانستان میں لاکھوں جانیں بچانے کا سبب بنے گا۔                                                                                        
وقت اشاعت : 23/07/2019 - 10:31:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :