بہترین نیوزی لینڈرز کا ایوارڈ،بین سٹوکس کیوی کپتان کین ولیمسن کے حق میں دستبردار

ماﺅری خون پر ناز ہے لیکن اس ایوارڈ پر زیادہ حق ولیمسن کاہے:برطانوی آل راﺅنڈر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 23 جولائی 2019 14:53

بہترین نیوزی لینڈرز کا ایوارڈ،بین سٹوکس کیوی کپتان کین ولیمسن کے حق میں دستبردار
کرائسٹ چرچ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 جولائی2019ء) ورلڈ کپ 2019ءفائنل میں نیوزی لینڈ کی عوام کے دل توڑنے والے برطانوی آل راﺅنڈر بین سٹوکس نے نیوزی لینڈر آف دی ایئر ایوارڈ سے دستبر دار ہونے کااعلان کردیا ہے۔بین سٹوکس نیوزی لینڈ میں ہی پیدا ہوئے تھے تاہم12سال کی عمر میں اس وقت انگلینڈ آگئے جب نیوزی لینڈ کے لیے رگبی لیگ کھیلنے والے ان کے والد جیرڈ سٹوکس انگلینڈ میں کوچنگ کررہے تھے،ان کے والدین اب نیوزی لینڈ واپس جاچکے ہیں اور جنوبی جزیرے کے شہر کرائسٹ چرچ میں رہائش پذیر ہیں۔

(جاری ہے)

انگلش ورلڈ کپ ہیرو کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ وہ پیدا نیوزی لینڈ میں ہوئے تھے اور انہیں اپنے ماﺅری خون پر ناز ہے لیکن وہ اب مستقل انگلینڈ رہتے ہیں ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کین ولیمسن لیجنڈ کپتان ہیں اور ورلڈ کپ کے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ بھی رہے ہیں ، ان کا ووٹ بھی ولیمسن کیلئے ہوگا اور ان کی خواہش ہے کہ نیوزی لینڈ عوام کین ولیمسن کو ہی ووٹ کرے۔یا د رہے کہ بین سٹوکس نے ورلڈ کپ فائنل میں84رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر نیوزی لینڈ کے خلاف میچ ٹائی کرنے میں بنیادی کردار ادا کیا تھا جس کے بعد سپر اوور میں دونوں ٹیموں نے 15،15رنز سکور کیے اور انگلینڈ کی ٹیم زیادہ باﺅنڈریاں لگانے کے باعث ورلڈ چیمپئن بن گئی۔ 
وقت اشاعت : 23/07/2019 - 14:53:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :