کوہلی سے ناراض روہت شرما نے انوشکا کو ”ان فالو“کردیا

انسٹاگرام پر کوہلی، روہت کو فالو کررہے ہیں مگر اہلیہ رتیکا کو فالو نہیں کرتے، انوشکا روہت اور انکی اہلیہ کو فالو نہیں کرتیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 28 جولائی 2019 12:02

کوہلی سے ناراض روہت شرما نے انوشکا کو ”ان فالو“کردیا
ممبئی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 جولائی2019ء) بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور روہت شرما کے درمیان اختلافات کی باتیں پھر زیرگردش ہونے لگیں۔اوپنر روہت شرما نے ویرات کوہلی کی اہلیہ انوشکا شرما کو سوشل میڈیا پر ’ان فالو‘ کردیا،وہ اس سے قبل کپتان کے ساتھ بھی ایساکرچکے ہیں، اگرچہ انسٹاگرام پر کوہلی، روہت کو تو فالو کررہے ہیں مگر اہلیہ رتیکا ساجدے کو فالو نہیں کرتے، خود انوشکا روہت اور ان کی اہلیہ دونوں کو ہی فالو نہیں کرتیں۔

کپتان اور نائب کپتان میں اختلافات کی خبریں پہلے بھی آتی رہی ہیں تاہم اب ان میں شدت آگئی ہے، ایک سینئر کھلاڑی کی جانب سے ورلڈ کپ کے دوران منظور شدہ مدت سے زیادہ اپنی اہلیہ کو ساتھ رکھنے کا معاملہ بھی اسی سے جوڑا جا رہا ہے،کھلاڑیوں کے 2گروپس میں تقسیم ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

(جاری ہے)

ٹیم میں اختلافات ابھر کر اس وقت سامنے آئے جب ورلڈ کپ کے دوران بھارتی ٹیم کو میزبان انگلینڈ کے ہاتھوں گروپ مرحلے میں شکست ہوئی اور اس میچ کے بعد ہونے والی میٹنگ میں باﺅلنگ یونٹ کو اپنی بہت سبکی محسوس ہوئی۔

ٹیم ذرائع کے مطابق بھارتی باﺅلرز کا ماننا تھا کہ شکست میں صرف ان کی خراب باﺅلنگ کا کردار نہیں بلکہ باﺅلرز پر انگلیاں اٹھانے سے قبل دیگر پہلوﺅں پر بھی غور کیا جانا چاہیے۔بورڈ کے ایک اور رکن ٹیم میں اختلافات کی خبروں پر کافی پریشان نظر آئے اور انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کو فوری طور پر حل کیے جانےکی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر اس مسئلے کو حل نہ کیا گیا تو ٹیم کے ماحول اور سپرٹ کے ساتھ ساتھ کارکردگی بھی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ٹیم کے دو لیڈر نہیں ہو سکتے جن میں سے ہر کسی کے چاہنے والے میڈیا میں دوسرے پر کیچڑ اچھالیں، ان اختلافات کی اب تک کوئی تردید نہیں کی گئی اور انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ صرف میڈیا کی پھیلائی ہوئی باتیں ہیں، اگر ایسا ہے تو وہ اس بات کو اہمیت دینے کے بجائے نظرانداز کیوں نہیں کر دیتے۔دوسری جانب بی سی سی آئی کی کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز کے سربراہ ونود رائے نے ایک بار پھراصرار کیاکہ ٹیم میں اختلافات کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
وقت اشاعت : 28/07/2019 - 12:02:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :