بھارتی ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں روہت شرما اور ویرات کوہلی کے درمیان اختلافات شد ت اختیار کر گئے

روہت شرما نے کپتان ویرات کوہلی کی بیوی اور معروف اداکارہ انوشکا شرما کو انسٹاگرام پر ان فالو کردیا ورلڈ کپ میں شکست میں صرف خراب باؤلنگ کا کردار نہیں ، باولرز پر انگلیاں اٹھانے سے قبل دیگر پہلوؤں پر بھی غور کیا جانا چاہیے، بھارتی بائولرز

اتوار 28 جولائی 2019 15:35

بھارتی ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں روہت شرما اور ویرات کوہلی کے درمیان اختلافات شد ت اختیار کر گئے
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2019ء) بھارتی ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں روہت شرما اور ویرات کوہلی کے درمیان اختلافات شد ت اختیار کر گئے بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی) کے ایک سینئر عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ بھارتی سپریم کورٹ کی مقرر کردہ انتظامی کمیٹی کے اراکین نے ایک سینئر کھلاڑی سے بات کر کے تجویز پیش کی کہ وہ سوشل میڈیا پر یہ پیغام پوسٹ کرے کہ ٹیم کے ماحول کے حوالے سے خبریں من گھڑت ہیں اور ٹیم میں سب کچھ بہت اچھا ہے۔

بی سی سی آئی کے رکن نے بتایا کہ مذکورہ کھلاڑی نے اس پیشکش میں کوئی خاص دلچسپی نہ دکھائی جس کے سبب معاملہ آگے نہ بڑھ سکا۔انہوں نے کہا کہ انتظامی کمیٹی میڈیا رپورٹس کی بنیاد پر کوئی فیصلہ نہیں لے سکتی، اگر کھلاڑیوں کو کوئی مسئلہ ہے تو وہ کمیٹی سے بات کر سکتے ہیں البتہ کمیٹی سے کسی کھلاڑی نے باضابطہ طور پر اختلافات پر بات نہیں کی۔

(جاری ہے)

بھارتی ٹیم میں اختلافات کی خبروں کو اس وقت مزید تقویت ملی جب روہت شرما نے کپتان ویرات کوہلی کی بیوی اور معروف اداکارہ انوشکا شرما کو انسٹاگرام پر ان فالو کردیا۔ٹیم میں اختلافات ابھر کر اس وقت سامنے آئے جب ورلڈ کپ کے دوران بھارتی ٹیم کو میزبان انگلینڈ کے ہاتھوں گروپ مرحلے میں شکست ہوئی اور اس میچ کے بعد ہونے والی میٹنگ میں باؤلنگ یونٹ کو اپنی بہت سبکی محسوس ہوئی۔

ٹیم ذرائع کے مطابق بھارتی باؤلرز کا موقف تھا کہ شکست میں صرف ان کی خراب باؤلنگ کا کردار نہیں بلکہ باولرز پر انگلیاں اٹھانے سے قبل دیگر پہلوؤں پر بھی غور کیا جانا چاہیے۔بورڈ کے ایک اور رکن ٹیم میں اختلافات کی خبروں پر کافی پریشان نظر آئے اور انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کو فوری طور پر حل کیے جانے کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہاکہ اگر اس مسئلے کو حل نہ کیا گیا تو ٹیم کے ماحول اور اسپرٹ کے ساتھ ساتھ کارکردگی بھی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ٹیم کے دو لیڈر نہیں ہو سکتے جن میں سے ہر کسی کے چاہنے والے میڈیا میں دوسرے پر کیچڑ اچھالیں، ان اختلافات کی اب تک کوئی تردید نہیں کی گئی اور انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ صرف میڈیا کی پھیلائی ہوئی باتیں ہیں، اگر ایسا ہے تو وہ اس بات کو اہمیت دینے کے بجائے نظرانداز کیوں نہیں کر دیتے۔
وقت اشاعت : 28/07/2019 - 15:35:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :