گلوبل ٹی ٹونٹی لیگ، مونٹریال ٹائیگرز نے ایڈمونٹن رائلز کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا،

ڈیلن ہیلیگر کو آل رائونڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا

جمعرات 1 اگست 2019 12:11

گلوبل ٹی ٹونٹی لیگ، مونٹریال ٹائیگرز نے ایڈمونٹن رائلز کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا،
مونٹریال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2019ء) مونٹریال ٹائیگرز نے کینیڈا گلوبل ٹی ٹونٹی کرکٹ لیگ کے نویں میچ میں ایڈمونٹن رائلز کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا۔ ڈیلن ہیلیگر نے آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔ روڈریگو ایڈمونٹن رائلز کے کپتان فاف ڈوپلیسی کی نصف سنچری رائیگاں گئی۔

کینیڈا گلوبل ٹی ٹونٹی لیگ کے نویں میچ میں مونٹریال ٹائیگرز کے کپتان جارج بیلی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ایڈمونٹن رائلز کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 19.3 اوورز میں 153 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی اور اس نے مونٹریال ٹائیگرز کو میچ میں کامیابی کے لئے 154 رنز کا ہدف دیا۔ کپتان فاف ڈوپلیسی 55 اور دھالیوال نے 23 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

مونٹریال ٹائیگرز کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈیلن ہیلیگر اور ڈٹا نے تین ، تین جبکہ فواد احمد نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

جواب میں مونٹریال ٹائیگرز کی ٹیم نے کائل کوٹزر کے 62 رنز کی بدولت مطلوبہ ہدف 19.4 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے ایڈمونٹن رائلز کو میچ میں 4 وکٹوں سے ہرا دیا۔ کائل کوٹزر 62 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ ڈیلن ہیلیگر کو میچ میں آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
وقت اشاعت : 01/08/2019 - 12:11:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :