محمد عامر نے نوجوان کرکٹرز کیلئے اچھی مثال نہیں چھوڑی:کامران اکمل

ٹی ٹونٹی لیگز کے باعث کئی کھلاڑی جلد ٹیسٹ کرکٹرز چھو ڑ سکتے ہیں:وکٹ کیپر بلے باز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 2 اگست 2019 10:41

محمد عامر نے نوجوان کرکٹرز کیلئے اچھی مثال نہیں چھوڑی:کامران اکمل
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2اگست2019ء) کامران اکمل نے محمد عامر کی ٹیسٹ سے ریٹائرمنٹ کو غلط فیصلہ قرار دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ پیسر نے نوجوان کرکٹرز کیلئے کوئی اچھی مثال نہیں چھوڑی۔ایک انٹرویو میں کامران اکمل نے کہا کہ محمد عامر نے صرف 27 سال کی عمر میں ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنےکا حیران کن فیصلہ کیا، اس سے نوجوان کرکٹرز پر اچھا اثر نہیں پڑےگا، میرے خیال میں پیسر کو ابھی 5 یا 6سال مزید کھیلنا چاہیے تھا۔

انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل اور ٹی ٹونٹی لیگز میں کارکردگی کی بنیاد پر کھلاڑیوں کو منتخب کرنے سے نوجوان کرکٹرز فرسٹ کلاس کرکٹ سے دور ہو رہے ہیں، مجھے یقین ہے کہ مزید کئی کھلاڑی جلد ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا اعلان کر دیں گے۔کامران اکمل نے قومی ٹیم کو ورلڈ ٹی ٹونٹی میں بہتر منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اترنےکا مشورہ دیا، انھوں نے کہاکہ ورلڈکپ 2015 ءاور 2019 ءکی طرح میدان میں نہیں اترنا چاہیے، ٹاپ ٹیمیں بہتر منصوبہ بندی کے ساتھ عالمی ایونٹ میں شریک ہوتی ہیں، پی سی بی کو چاہیے کہ کپتان اور کوچنگ سٹاف کو 2 سال دینے کے بعد پرفارمنس کا جائزہ لے۔

(جاری ہے)

وکٹ کیپر بیٹسمین نے سلیکشن کے معیار پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین پرفارمنس کے باوجود مجھے ٹیم سے باہر رکھنا مایوس کن ہے، ایسے کھلاڑیوں کو موقع دیا جا رہا ہے جو 2،3 سال سے ملکی سطح کے مقابلوں میں شریک ہی نہیں ہوئے، امید ہے کہ نئی سلیکشن کمیٹی آئندہ مستحق کھلاڑیوں کو موقع دےگی، کامران اکمل نے کہاکہ میں جب تک فٹ اور فارم میں ہوں کھیلتا رہوں گا۔
وقت اشاعت : 02/08/2019 - 10:41:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :