کینیڈین لیگ: شاداب ، گیل کے لاٹھی چارج کی زد میں آ گئے

ویسٹ انڈین سٹار نے ایک اوورمیں 4 چھکوں اور2چوکوں کی مدد سے32رنز بنا لیے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 4 اگست 2019 16:26

کینیڈین لیگ: شاداب ، گیل کے لاٹھی چارج کی زد میں آ گئے
وینکوور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 اگست2019ء) کینیڈا میں جاری گلوبل ٹی20 ٹورنامنٹ میں جارح مزاج ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل پاکستانی لیگ سپنر شاداب خان کے لیے ڈرائونا خواب بن گئے اور ان کے ایک اوور میں 32رنز بنا دیے۔ایک رات قبل 122 رنز کی اننگز کھیلنے والے گیل نے اپنی عمدہ فارم کا سلسلہ جاری رکھا اور شاندار اننگز کھیل کر ایڈمنٹن رائلز کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

وینکوور نائٹس نے ایڈمنٹن کو فتح کے لیے 166رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں محمد حفیظ کی گیند پر ایڈمنٹن کی ٹیم پہلے ہی اوور میں وکٹ گنوا بیٹھی تاہم اسکے بعد دوسرے اوپنر کرس گیل اور ان کے ساتھی چیڈوک والٹن نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے عمدہ شراکت قائم کی۔شاداب نے میچ کا 13واں اوور کرایا جس میں گیل نے انکی خوب خبر لیتے ہوئے 32رنز بٹورے۔

(جاری ہے)

جارحانہ  مزاج اوپننگ بلے باز نے پاکستانی سپنر کے اوور کی پہلی دو گیندوں پر چھکے لگانے کے بعد اگلی دو گیندوں پر چوکے جڑ دیے اور پھر اوور کی آخری دو گیندوں پر چھکے لگا کر میچ کو شاداب کے لیے ڈراﺅنا خواب بنا دیا۔

اگلے اوور میں بین کٹنگ نے 9 چھکوں کی مدد سے 94 رنز بنانے والے گیل کو آﺅٹ کر کے لگاتار دوسرے میچ میں سنچری بنانے کے اعزاز سے محروم کردیاتاہم گیل کی شاندار اننگز کی بدولت ایڈمنٹن نے میچ میں باآسانی 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔یہ میچ شاداب کے لیے زیادہ اچھا ثابت نہ ہوا جہاں انہوں نے اپنے چار اوورز کے کوٹے میں 66رنز دیے اور پھر بیٹنگ میں بھی وہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
وقت اشاعت : 04/08/2019 - 16:26:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :