پی سی بی کا کوچنگ سٹاف کے کنٹریکٹ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ

مکی آرتھر،اظہر محموداورگرانٹ فلاور فارغ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 7 اگست 2019 11:53

پی سی بی کا کوچنگ سٹاف کے کنٹریکٹ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7 اگست2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ سٹاف کے معاہدوں میں توسیع نہ کرنے کا اعلان کردیا۔چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کرکٹ کمیٹی کی سفارشات منظور کرتے ہوئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، باﺅلنگ کوچ اظہر محمود اور ٹرینر گرانٹ لیوڈن کے کنٹریکٹ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

احسان مانی کا کہنا تھا کہ کرکٹ کمیٹی تجربہ کار افراد پر مشتمل ہے جو ملک میں کرکٹ کی بہتری کے لیے کام جاری رکھے گی۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق چاروں عہدوں کے لیے نئے سرے سے اشتہار جاری کیا جائے گا ۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی نے کپتان سرفراز احمد کی کارکردگی اور فٹنس پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تینوں فارمیٹ کی کپتانی کے دوران ان سے کئی غلطیاں ہوئیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق کرکٹ ٹیم کی تین سالہ کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے ہونے والا کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں کرکٹ کمیٹی کے رکن و سابق کپتان وسیم اکرم نے کپتان سرفراز احمد سے کہا کہ ورلڈکپ میں بھارت کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے، اگر آپکو سمجھ نہیں آرہا تھا تو آپ مجھ سے فون کرکے پوچھ سکتے تھے۔ سرفراز احمد، سابق کپتان کی بات سننے کے بعد کچھ دیر کیلئے حیرت میں مبتلا ہوگئے۔

بعد ازاں کپتان اور کوچ نے ورلڈکپ میں ٹیم کی کارکردگی کو تسلی بخش قراردیا۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ بطور چیف سلیکٹر میں نے اور پوری سلیکشن کمیٹی نے نیک نیتی کے ساتھ کام کیا۔ مکی آرتھر نے ٹیم کی ورلڈکپ میں خراب کارکردگی کی وجہ فیلڈنگ اور کیچ ڈراپ ہونے کو قرار دیا۔ اجلاس میں مکی آرتھر نے محدود اوورز کی کپتانی کیلئے شاداب خان تجویز کیا۔ مکی نے کہا کہ ورلڈ کپ میں ٹیم کارکردگی سے مطمئن ہوں تاہم یہ مزید بہتر ہوسکتی تھی۔ 
وقت اشاعت : 07/08/2019 - 11:53:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :