مصباح الحق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ بننے کے مضبوط امیدوار

سابق فاسٹ باﺅلر محمد اکرم کو ٹیم کو باﺅلنگ کوچ بنائے جانے کا امکان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 7 اگست 2019 16:08

مصباح الحق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ بننے کے مضبوط امیدوار
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7اگست 2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے مکی آرتھر کے معاہدے میں توسیع نہ کرنے کے بعد قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے سابق کپتان مصباح الحق کا نام سامنے آیا ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے رکن مصباح الحق اب مکی آرتھر کی جگہ لینے کے مضبوط امیدوار ہیں۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے2001ءسے2017ءکے دوران 75 ٹیسٹ، 162 ون ڈے اور 39 ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے والے45سالہ مصباح ہیڈ کوچ یا پھر بیٹنگ کوچ بنائے جاسکتے ہیں،مصباح الحق نے2010ءکے بدنام زمانہ سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی سنبھالی تھی اوران کے دور میں پاکستان نے ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی پوزیشن اپنے نام کی تھی،انہیں پاکستان کا کامیاب ترین ٹیسٹ کپتان ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ بیٹنگ،باﺅلنگ، فیلڈنگ اور ہیڈ کوچ کی پوزیشن کا اشتہار دے گا جس کے بعد مختلف امیدوار ان عہدوں کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ سابق فاسٹ باﺅلر محمد اکرم کو ٹیم کو باﺅلنگ کوچ بنائے جانے کا امکان ہے۔44سالہ محمد اکرم حبیب بینک لمیٹڈ کے ہیڈ کوچ ہیں جب کہ وہ پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کے بھی ہیڈ کوچ تھے۔انہوں نے 2012 ءمیں بھی اس عہدے پر خدمات سرانجام دی ہیں۔                                                                               
وقت اشاعت : 07/08/2019 - 16:08:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :