ہاشم آملا نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے کے بعد حج کی سعادت حاصل کرلی

آملا جنوبی افریقہ کے کامیاب ترین بلے بازوں میں سے ایک مانے جاتے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 15 اگست 2019 12:10

ہاشم آملا نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے کے بعد حج کی سعادت حاصل کرلی
کیپ ٹاﺅن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15 اگست 2019ء) جنوبی افریقہ کے عظیم ترین بلے بازوں میں سے ایک ہاشم آملا نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے کے بعد حج کی سعادت حاصل کرلی ۔گزشتہ چند سالوں کے دوران گرتی ہوئی فارم اور بڑھتی ہوئی عمر کے سبب آملا نے عالمی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا البتہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں سب سے پہلے خدواند کریم کا شکر ادا کرتا ہوں جس نے مجھے پروٹیز کے اس سفر کا حصہ بنایا جو کسی اعزاز سے کم نہ تھا، اس فسفر کے دوران میں نے کئی سبق سیکھے اور کئی نایاب دوست بنائے۔124 ٹیسٹ اور 181 ون ڈے میچوں میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرنے والے آملا نے کہا میں اپنے والدین کی دعاﺅں، محبت اور مکمل سپورٹ پر ان کا شکر ادا کرتا ہوں، ان کی بدولت میں اتنے سالوں تک پروٹیز کےلئے کھیل سکا، اس کے ساتھ ساتھ میں اپنی اہلخانہ، دوستوں، کھلاڑیوں اور سب لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

ہاشم آملا نے اپنے 15سالہ کیریئر کا آغاز نومبر 2004 ءمیں بھارت کےخلاف ٹیسٹ ڈیبیو کے ساتھ کیا البتہ انہیں اپنا ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کیریئر شروع کرنے میں مزید 4سال لگے۔انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 28سنچریوں کی مدد سے 46.64 کی اوسط سے9282 رنز سکور کیے جبکہ ون ڈے کرکٹ میں 27 سنچریوں اور 39 نصف سنچریوں کی مدد سے8113 رنز بنائے، وہ ٹیسٹ کرکٹ میں جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹرپل سنچری بنانےوالے واحد کھلاڑی ہیں۔

انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں جنوبی افریقہ کی قیادت کا اعزاز بھی حاصل ہوا البتہ ٹیم کی مسلسل ناکامیوں کے سبب انہوں نے خود ہی قیادت کا منصب چھوڑ دیا تھا۔گزشتہ کچھ سالوں سے ان کی کارکردگی مسلسل گرتی جا رہی تھی اور وہ حال ہی میں ختم ہونے والے ورلڈ کپ میں بھی زیادہ اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے اور 7 اننگز میں صرف 203رنز بنا سکے۔ انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائر منٹ کا اعلان کرنے کے بعد ہاشم آملا کی سامنے آنے والی ایک تصویر میں وہ حج کی سعادت حاصل کرتے نظر آرہے ہیں ۔
وقت اشاعت : 15/08/2019 - 12:10:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :