ویرات کوہلی دہائی کے بہترین بلے باز بن گئے

بھارتی کپتان نے پونٹنگ اور ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 15 اگست 2019 16:20

ویرات کوہلی دہائی کے بہترین بلے باز بن گئے
پورٹ آف سپین(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15 اگست 2019ء) بھارتی کپتان اور مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی نے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا اور وہ ایک دہائی کے دوران سب سے زیادہ رنز اور سنچریاں بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ایک دہائی کے دوران سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز اس سے قبل آسٹریلین بلے باز اور سابق کپتان رکی پونٹنگ کے پاس تھا ، اس سے قبل سچن ٹنڈولکر اس اعزاز کے مالک تھے۔

1990ءکی دہائی میں سچن ٹنڈولکر نے 8571 رنز بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا جس میں 24سنچریاں اور 44 نصف سنچریاں شامل تھیں،عظیم بھارتی بلے باز نے 2000 ءکی دہائی کے دوران بھی بہترین کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور 21 سنچریوں اور 49نصف سنچریوں کی مدد سے8823 رنز بنائے تاہم اس دہائی کے دوران رکی پونٹنگ نے انہیں اس ریکارڈ سے محروم کردیا اور 23 سنچریوں اور 56 نصف سنچریوں کی بدولت 9103رنز بنائے۔

(جاری ہے)

ابتدائی طور پر ناکامیوں کے بعد ویرات کوہلی نے اپنے شاندار کھیل اور بہترین فٹنس کی بدولت یہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا جبکہ اس دہائی کے خاتمے میں ابھی بھی 4 ماہ کا عرصہ باقی ہے،کوہلی نے گزشتہ 10سال کے دوران 11036رنز بنائے جس میں 42 سنچریاں اور 51 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
بھارتی ٹیم کے کپتان ابتک 239 ون ڈے میچوں میں 60.31 کی اوسط کے ساتھ ساتھ 43 سنچریوں اور 45 نصف سنچریوں کی بدولت 12ہزار 359 رنز بنا چکے ہیں اور ان کی موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئے یہ کہنا غلط نہیں ہو گا کہ وہ ون ڈے کرکٹ کے تمام تر اہم ریکارڈز اپنے نام کر لیں گے۔
وقت اشاعت : 15/08/2019 - 16:20:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :