پی سی بی نے پری سیزن کیمپ میں شرکت کیلئی20 کھلاڑیوں کو این سی اے طلب کرلیا

سابق کپتان مصباح الحق کیمپ کمانڈنٹ ہوں گے،کیمپ کے دوران ٹیسٹ کرکٹ کی تیاری کیلئے کھلاڑیوں پر توجہ دی جائے گی، ذاکر خان

جمعرات 15 اگست 2019 18:49

پی سی بی نے پری سیزن کیمپ میں شرکت کیلئی20 کھلاڑیوں کو این سی اے طلب کرلیا
لاہور۔15 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2019ء) پی سی بی نے سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل 14 کرکٹرز سمیت 20 کھلاڑیوں کو پری سیزن کیمپ میں شرکت کیلئے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں طلب کرلیا ، کھلاڑی 19 اگست کو لاہور پہنچیں گے۔ 2 روزہ فٹنس ٹیسٹ کے بعد قومی کھلاڑی 22 اگست سے 7 ستمبر تک این سے اے میں جاری کنڈیشننگ کیمپ میں شرکت کریں گے۔قومی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کی عدم موجودگی میں سابق کپتان مصباح الحق نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچز کے ساتھ مل کر کیمپ میں شامل کھلاڑیوں کے لیے ٹریننگ پروگرام ترتریب دیں گے۔

کنڈیشنگ کیمپ کے دوران کھلاڑی نیٹ پریکٹس کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ پریکٹس بھی کریں گے۔ کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس میں بہتری پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔کیمپ کے انعقاد کا مقصد قومی کھلاڑیوں کو آئندہ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل سیزن سے قبل تیار کرنا ہے۔

(جاری ہے)

آئندہ ڈومیسٹک سیزن کا آغاز 12 ستمبر سے شیڈول قائد اعظم ٹرافی سے ہورہا ہے۔قومی کھلاڑیوں کوقائداعظم ٹرافی میں 31 فرسٹ کلاس میچوں سمیت قومی ٹی ٹونٹی اور پاکستان ایک روزہ کپ کے ساتھ ساتھ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل 6 ٹیسٹ ، 3 ایک روزہ اور 9 ٹی ٹونٹی میچوں میں بھی شرکت کرنا ہے۔

اظہر علی انگلش کاؤنٹی سمر سیٹ سے معاہدہ مکمل کرنے کے بعد کیمپ جوائن کریں گے۔ بابراعظم، فخر زمان، عماد وسیم، محمد عباس اور محمد عامر کو کاؤنٹی سیزن کے باعث کیمپ میں شرکت سے چھوٹ دی گئی ہے۔ یہ پانچوں کھلاڑی قائداعظم ٹرافی کے آغاز سے قبل پاکستان پہنچ جائیں گے۔کیمپ میںسنٹرل کنٹریکٹ میں شامل عابد علی، اسد شفیق، اظہر علی، حارث سہیل، حسن علی، امام الحق، محمد رضوان، سرفراز احمد، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، عثمان شنواری، وہاب ریاض اور یاسر شاہ کو کیمپ میں طلب کیا گیا ہے۔

نان سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں میں آصف علی، بلال آصف، افتخار احمد، میر حمزہ، راحت علی اور ظفر گوہر کو بھی کیمپ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان کا کہنا ہے کہ سیزن کے آغاز سے قبل یہ کنڈینشننگ کیمپ خاص اہمیت کا حامل ہے۔کیمپ کے دوران ٹیسٹ کرکٹ کی تیاری کے لیے کھلاڑیوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو بین الاقوامی کرکٹ کے آئندہ 42 میں سے 30 روز ٹیسٹ کرکٹ کھیلنی ہے۔ذاکر خان نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کی تیاری کے لیے پاکستان کے کامیاب ترین کپتان مصباح الحق کا تجربہ کھلاڑیوں کے لیے مفید ثابت ہوگا۔انہوں نے کہاکہ پی سی بی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں میں بہترین کرکٹ دیکھنے کا خواہشمند ہے۔

ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی کا کہنا ہے کہ سری لنکا سیریز سے قبل کھلاڑیوں کو قائداعظم ٹرافی میں بھی سخت کرکٹ کھیلنا ہے۔ اس سلسلے میں یہ کیمپ کھلاڑیوں کے لیے معاون ثابت ہوگا۔ذاکر خان نے کہا کہ انگلینڈ اور ویلز میں کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف 5 کھلاڑیوں کو کیمپ میں شرکت سے چھوٹ دی گئی ہے تاہم قائداعظم ٹرافی میں ان کی شرکت لازمی قرار دی گئی ہے۔
وقت اشاعت : 15/08/2019 - 18:49:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :