کیا پی ایس ایل سیزن فائیو کے میچز پشاور میں ہونگے؟جانئے

آئندہ سال ہونے والے پی ایس ایل سے قبل گراﺅنڈ تیار نہیں ہوسکتا:گراﺅنڈ کنسلٹنٹ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 16 اگست 2019 16:39

کیا پی ایس ایل سیزن فائیو کے میچز پشاور میں ہونگے؟جانئے
پشاور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16 اگست 2019ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو کے میچز کیا پشاور میں ہونگے؟ یہ وہ سوال ہے جس کا جواب تلاش کرنے کے لیے خیبر پختونخوا حکومت کوشاں ہے۔ ارباب نیاز سٹیڈیم، پشاور میں کام کرنے والی کمپنی نے پی ایس ایل5 سے قبل سٹیڈیم تیار کرنے سے معذرت کرلی ہے۔ صوبائی وزیرکھیل عاطف خان کو سٹیڈیم سے متعلق دی جانے والی بریفنگ کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ۔

ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر کھیل و سیاحت عاطف خان نے کنسٹرکشن کمپنی کے چیف انجینئر سے سوال کیا کہ کیا پی ایس ایل سے قبل سٹیڈیم تیار کرلیں گے؟اس پر گراﺅنڈ کنسلٹنٹ نے جواب دیا کہ آئندہ سال ہونے والے پی ایس ایل سے قبل گراﺅنڈ تیار نہیں ہوسکتا۔یہ جواب سن کر صوبائی وزیر کھیل و سیاحت نے کہا کہ ہم آپ کو تمام تر فنڈز بروقت جاری کرنے کی یقین دہانی کروادیں گے،بس وقت مقرر پر سٹیڈیم تیار کردیں۔

(جاری ہے)

خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل وسیاحت نے کہا کہ ارباب نیاز سٹیڈیم میں 35 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی،کوشش کررہے ہیں کہ پی ایس ایل سے قبل یہ سٹیڈیم تیار ہوسکے،سٹیڈیم کو آئی سی سی کے مطابق تیار کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پشاور میں پی ایس ایل میچ کے لیے سرکاری سطح پر پی سی بی کی جانب سے اب تک کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔ صوبے میں 1 ہزار کھیلوں کے میدان تیار کررہے ہیں۔صوبائی وزیر نے نوٹس لیتے ہوئے سٹیڈیم کے پارکنگ ایریا میں مارشل آرٹ کلب چلانے والے مزدور کی مدد کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی سپورٹس کو کلب چلانے والوں کی مدد کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
وقت اشاعت : 16/08/2019 - 16:39:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :