جشن آزادی کبڈی سیریز23اگست کو پشاور میں کھیلی جائے گی،سلطان سید علی شاہ

بنوں میں منعقدہ مقابلوں میں بنوں یونائیٹڈ کی ٹیم نے لکی مروت کو35-30پوائنٹس سے ہراکرچمپئن ٹرافی اپنے نام کرلی

پیر 19 اگست 2019 16:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2019ء) خیبر پختونخواکبڈی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جشن آزادی کی مناسبت سے پشاور سمیت صوبے بھر میں مقابلے منعقد کئے جارہے ہیں،بنوں میں تاریخی ایونٹ کے بعد 23اگست سے باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل چارٹیموں ککڑ گراں،بنات کلے ،شکرہ پورہ اورموسی ٰ زئی کے مابین سیریزکھیلی جائیگی ۔صوبائی کبڈی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل اور انٹرنیشنل کبڈی کھلاڑی سلطان علی شاہ بری نے میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے رانامحمد سرور اور صوبائی اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عاقل شاہ کی خصوصی ہدایت پر انہوںنے مقابلو ں کے کلینڈر سے ہٹ کر خیبر پختونخواکے مختلف اضلاع میں جشن آزادی کے سلسلے میں ٹورنامنٹس کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے،گزشتہ روز ضلع بنوں میں ملک ریاض کے تعاون سے بنوں میں ایک تاریخی ایونٹ کھیلاگیاجسمیں ہزاروں کی تعدادمیں منڈان پارک گرائونڈ میں کبڈی کے مقابلے دیکھے اور لطف اندوزہوئے،انہوںنے کہاکہ ان مقابلوں میں لکی مروت اور بنوں یونائیٹڈ کی ٹیموں نے مدمقابل ٹیموں کو ہراکر فائنل میچ میں پہنچ گئے تھے اور فائنل میچ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے جاندار کھیل کا مظاہرہ کیاتاہم بنوں یونائیٹڈ نے مقابلہ 35-30پوائنٹس سے جیت لیا۔

(جاری ہے)

سلطان بری کاکہناتھاکہ انشاء اللہ 23اگست سے پشاور کے مضافاتی علاقہ ککڑ گگراں میں نائب ناظم ٹائون ٹونعیم علی شاہ کے تعاون سے کبڈی سیریزکا پہلامیچ ککڑگگران اور شکرہ پورہ کی ٹیموں کے درمیان منعقد ہوگا،24اگست کو دوسرامیچ موسیٰ زئی اور بنات کلے کے مابین ہوگا،جبکہ فائنل میچ25اگست کو کھیلاجائیگا۔اس موقع پر ڈی جی سپورٹس خیبر پختونخوااسفندیار خٹک اورٹائون ٹوکے نائن ناظم نعیم علی شاہ مہمانان خصوصی ہونگے۔

ایک سوال کے جواب میں سلطان شاہ بری کا کہناتھاکہ انشاء اللہ خیبر پختونخوامیں ایک مرتبہ پھر روایتی کھیل کبڈی فروغ پارہاہے ،اس کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایاجاسکتاہے کہ بنوں،ہری پور،پشاور،سوات سمیت مختلف اضلاع میں منعقدہ کبڈی ایونٹس کے دیکھنے کیلئے ہزاروں کی تعدادمیں تماشائی موجودرہتے ہیں جوکہ ایک خوش آئندبات ہے۔انہوںنے کہاکہ صوبائی اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سیدعاقل شاہ اورملک ریاض کی مکمل سرپرستی سے اس کھیل کومزید فروغ ملے گا۔
وقت اشاعت : 19/08/2019 - 16:13:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :