انڈر ا۔19 ایشیا کرکٹ کپ کی تیاریوں کیلئے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ کل شروع ہوگا

جمعرات 22 اگست 2019 14:37

انڈر ا۔19 ایشیا کرکٹ کپ کی تیاریوں کیلئے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ کل شروع ہوگا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2019ء) اے سی سی انڈر۔ 19 ایشیا کرکٹ کپ کیلئے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ کل جمعہ سے کراچی میں شروع ہوگا۔ انڈر ۔19 ایشیا کپ 5 سے 14 ستمبر تک سری لنکا میں کھیلا جائے گا جس میں آٹھ ٹیمیں شرکت کریں گی۔ پاکستان کو گروپ اے میں بھارت، افغانستان اور کویت کے چیلنج کا سامنا ہو گا جبکہ گروپ بی میں میزبان سری لنکا، بنگلہ دیش، یو اے ای اور نیپال شامل ہیں۔

پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق میگا ایونٹ کی تیاری کیلئے قومی انڈر۔19 ٹیم کا تربیتی کیمپ کوچ اعظم خان کی زیرنگرانی (آج) جمعہ سے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر، کراچی میں شروع ہو گا، کیمپ میں نوجوان کھلاڑیوں کو مختلف سیشنز میں پریکٹس کرائی جائے گی، اس کے علاوہ 26 اور 28 اگست کو پریکٹس میچ کھیلے جائیں گے، 15 رکنی قومی ٹیم روحیل نذیر کی قیادت میں 3 ستمبر کو کولمبو روانہ ہوگی، ٹیم کے بقیہ کھلاڑیوں میں حیدر علی، عامر علی، ابو ہریرہ، عبدالواحد، اختر شاہ، فہد منیر، محمد عامر، محمد عباس آفریدی، محمد باسط علی، محمد حارث، محمد عرفان خان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ اور قاسم اکرم شامل ہیں۔

(جاری ہے)

گرین شرٹس ٹورنامنٹ میں اپنی مہم کا آغاز 5 ستمبرکو افغانستان کے خلاف میچ سے کریں گے۔ 7 ستمبر کو قومی ٹیم اپنے دوسرے میچ میں روایتی حریف بھارت سے نبرد آزما ہوگی جبکہ تیسرا اور آخری گروپ میچ 9 ستمبر کو کویت کے خلاف کھیلے گی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 14 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 22/08/2019 - 14:37:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :