سابق آسٹریلین فاسٹ باؤلر کا انگلش کپتان پر دھوکا دہی کا الزام

روٹ جانتے تھے کہ انہوں نے گیند زمین پر لگنے کے بعد اٹھائی ہے اور یہ چیٹنگ ہے، گفتگو

جمعرات 22 اگست 2019 17:02

سابق آسٹریلین فاسٹ باؤلر کا انگلش کپتان پر دھوکا دہی کا الزام
سڈنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2019ء) سابق آسٹریلین فاسٹ باؤلر اینڈی بکل نے ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں متنازع کیچ لینے پر انگلینڈ کے کپتان جو روٹ پر چیٹنگ کا الزام عائد کیا ہے۔لارڈز میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں اسٹیون اسمتھ کی انجری کے سبب مارنس لبوشین نے آ کر بیٹنگ کی اور وہ نئے قانون کا استعمال کرنے والے پہلے کھلاڑی بنے تھے۔

لبوشین نے مشکل حالات میں عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی اور اپنی ٹیم کو میچ میں شکست سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔لبوشین 59 رنز پر کھیل رہے تھے کہ جیک لیچ کی گیند پر ان کی جانب سے کھیلا گئے شاٹ پر روٹ نے کیچ لے لیا۔اس موقع پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ روٹ کے کیچ لینے سے قبل گیند زمین پر لگ چکی ہے اور امپائرز نے معاملہ واضح نہ ہونے پر تھرڈ امپائر سے رجوع کیا۔

(جاری ہے)

ری پلے میں بھی واضح نہ ہوا کہ گیند کیچ لینے سے قبل زمین سے ٹکرائی ہے یا نہیں اور تھرڈ امپائر نے کیچ کو مستند مانتے ہوئے لبوشین کو آؤٹ قرار دے دیا جس کے بعد سے اس فیصلے پر بحث جاری ہے۔19 ٹیسٹ میچوں میں 58 وکٹیں لینے والے سابق آسٹریلین فاسٹ باؤلر اینڈی بکل نے کہا کہ روٹ جانتے ہوں گے کہ گیند سیدھی ان کے ہاتھوں میں نہیں گئی، آپ دیکھ سکتے ہیں کہ گیند زمین پر لگی تھی۔

انہوں نے کہا کہ روٹ جانتے تھے کہ انہوں نے گیند زمین پر لگنے کے بعد اٹھائی ہے اور یہ چیٹنگ ہے۔اینڈی بکل نے کہا کہ روٹ ایک اچھے کھلاڑی کی سوچ اپنا کر امپائر سے یہ کہہ سکتے تھے کہ میں نے کیچ نہیں کیا اور آپ کو تھرڈ امپائرز سے پوچھنے کی ضرورت نہیں لیکن ایسا نہیں ہوا۔یاد رہے کہ میچ کے بعد کیچ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر روٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے چیٹنگ نہیں کی اور گیند کو شفاف طریقے سے کیچ کیا تھا۔
وقت اشاعت : 22/08/2019 - 17:02:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :