پاک سری لنکا سیریز کے منسوخ ہو جانے کا خدشہ

پاکستان میں میچز کھیلنے سے انکار کرنے پر پی سی بی کا لنکن کرکٹ بورڈ کیخلاف سخت ردعمل دینے کا فیصلہ

muhammad ali محمد علی جمعہ 23 اگست 2019 00:41

پاک سری لنکا سیریز کے منسوخ ہو جانے کا خدشہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اگست2019ء) پاک سری لنکا سیریز کے منسوخ ہو جانے کا خدشہ، پاکستان میں میچز کھیلنے سے انکار کرنے پر پی سی بی کا لنکن کرکٹ بورڈ کیخلاف سخت ردعمل دینے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سری لنکا کے وزیر کھیل کے بیان پر شدید ردعمل دیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا موقف ہے کہ پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کے انعقاد کے حوالے سے معاملات دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈ کے حکام کے درمیان چل رہے تھے۔

لنکن کرکٹ بورڈ نے سیکورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ پھر سمجھ سے بالاتر ہے کہ صدارتی سطح کی سیکورٹی کی فراہمی کی یقین دہانی کروانے کے باوجود سری لنکن وزیر کھیل نے کس وجہ سے ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار کیا۔ پی سی بی کا موقف ہے کہ یہ سیریز تو پاکستان کی ہوم سیریز ہے، پھر اس سے متعلق سری لنکن وزیر کھیل کس حیثیت میں اعلان کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پی سی بی نے اس تمام معاملے پر لنکن کرکٹ بورڈ سے بات کرنے اور احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جبکہ یہ معاملہ ایشیائی کرکٹ کونسل کے اجلاس میں بھی اٹھایا جائے گا۔ جبکہ کچھ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ بنا کسی وجہ کے پاکستان میں سیریز کھیلنے سے انکار کرنے پر پاکستان اور سری لنکا کی سیریز منسوخ بھی ہو سکتی ہے۔ واضح رہے کہ سری لنکا کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار کردیا۔

سری لنکن میڈیا نے دعویٰ کیا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان میں ٹیسٹ سیریز نہیں کھیلے گی، پاکستان نے سری لنکا کو لاہور اور کراچی میں 2 ٹیسٹ میچز کھیلنے کی پیشکش کی تھی۔سری لنکن میڈیا نے وزیر کھیل کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ہم پاکستان میں 3 ون ڈے میچز کھیلنے کی پلاننگ کر رہے ہیں۔ تاہم سری لنکا نے باضابطہ طور پر کسی بھی فیصلے سے آگاہ نہیں کیا ہے۔ پاکستان سری لنکا سیریز مرحلوں میں شیڈول ہے، پہلے مرحلے میں 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز شامل ہے جبکہ دسمبر میں پاکستان نے 3 ون ڈے میچوں کی میزبانی کرنی ہے۔
وقت اشاعت : 23/08/2019 - 00:41:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :