لاہور ہائی کورٹ نے پی سی بی کا نیا آئین معطل کردیا

نیا آئین معطل ہونے کے بعد 2014ءکا پرانا آئین اور گورننگ بورڈ اراکین بحال

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 23 اگست 2019 17:42

لاہور ہائی کورٹ نے پی سی بی کا نیا آئین معطل کردیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23اگست2019ء) لاہورہائیکورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کا 19 اگست کو نافذ ہونے والا نیا آئین معطل کر دیا ہے۔ جسٹس شاہد مبین نے کرکٹ بورڈ کے نئے آئین کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے۔عدالت نے پیٹیشنر احمد نواز اور منیر احمد کی درخواست پر سماعت کے بعد معطلی کے احکامات جاری کئے۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ نئے آئین میں ملک کی کرکٹ کو چھ ایسوسی ایشنز تک محدود کر دیا گیا تھا۔

گورننگ بورڈ کے اراکین کی حیثیت ختم کر دی گئی تھی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیاکہ نیا آئین غیر جمہوری اور جمہوری قوتوں کو محدود کرتا ہے، نئے آئین سے منتخب افراد کو دیوار سے لگانے اور معاملات ڈکٹیٹر شپ کے انداز میں چلائے جا رہے ہیں۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نئے آئین میں احتساب کے عمل کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

عدالتی فیصلے کے بعد نیا آئین معطل ہونے کے بعد 2014ءکا پرانا آئین اور گورننگ بورڈ اراکین بھی بحال ہو گئے ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کا نیا آئین 19 اگست سے نافذ العمل ہوا تھا۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا تھا کہ پرانے سے نئے آئین میں عبوری انتظامات آئین کی شق نمبر 49 میں مقرر کیے گئے ہیں۔ نئے بورڈ آف گورننس (بی او جی) میں 3 کرکٹ ایسوسی ایشنز کے صدور شامل ہوں گے، جن کے لیے روٹیشن پالیسی کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔

بی او جی کے دیگر اراکین میں 4 آزاد ڈائریکٹرز جن میں 1 خاتون کا ہونا لازمی ہے،پیٹرن کی جانب سے 2 نامزد اراکین بھی بی او جی کا حصہ ہوں گے۔سیکرٹری آئی پی سی پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز میں بطور غیرفعال رکن شامل ہوں گے۔ کرکٹ ایسوسی ایشنز اور آزاد ڈائریکٹرز کے مجموعی طور پر 7 میں سے 4 اراکین کی شمولیت تک موجودہ بی او جی کام جاری رکھے گا۔

نئے آئین میں 16 ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشنز کو 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز میں بلوچستان کرکٹ ایسوسی ایشن، سنٹرل پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن اور خیبر پختونخوا ایسوسی ایشن شامل ہیں۔ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن، سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن اور سدرن پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن بھی فہرست میں شامل ہیں۔نئے آئین میں ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشنز کو سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز سے تبدیل کردیا جائے گا۔

کرکٹ ایسوسی ایشنز اور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز اپنے اپنے ماڈل میں آئین کے تحت کام کریں گے۔تمام ماڈل آئین پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز سے منظور شدہ ہوں گے۔11 رکنی پی سی بی جنرل باڈی میں چیرمین پی سی بی، تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز کے صدور، صدر بلائنڈ کرکٹ کونسل اور صدر ڈیف اینڈ ڈمب کرکٹ ایسوسی ایشن شامل ہوں گے۔پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو اور چیف آپریٹنگ آفیسر جنرل باڈی کے غیر فعال اراکین ہوں گے۔ نئے آئین کے بعد چیرمین پی سی بی اور چیف ایگزیکٹو کے اختیارات علیحدہ کردئیے گئے ہیں۔
وقت اشاعت : 23/08/2019 - 17:42:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :