پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامرخان کا ایل او سی کے دورے کا اعلان

مقبوضہ کشمیرمیں خوفناک صورتحال کیخلاف اور امن کیلئے آواز اٹھاؤں گا، دورے میں تعاون پر آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس پی آرکا شکریہ ادا کرتا ہوں۔پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامرخان

sanaullah nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ اگست 19:16

پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامرخان کا ایل او سی کے دورے کا اعلان
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 اگست 2019ء) پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامرخان نے ایل او سی کے دورے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں خوفناک صورت حال کیخلاف آواز اٹھاؤں گا، ایل اوسی کے دورے میں مقبوضہ وادی میں امن کیلئے بھی آواز اٹھاؤں گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامرخان کا کہنا ہے کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ایل وسی کا دورہ کروں گا۔

ایل اوسی کے دورے میں تعاون پر آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس پی آرکا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دورے کا مقصد کشمیریوں کی نسل کشی کی جانب دنیا کی توجہ مبذول کروانا ہے۔ مقبوضہ کشمیرمیں خوفناک صورت حال کیخلاف آواز اٹھاؤں گا۔ واضح رہے کشمیریوں پر مظالم اور مقبوضہ کشمیر نسل کشی کے خلاف آواز اٹھانے کیلئے سیاسی سماجی اور تمام طبقات کے لوگ اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے آج میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت آج تقسیم ہوچکا ہے۔ بھارتی اقدام پر بھارت کے اندر بھی اختلاف رائے پایا جاتا ہے۔ کل مقبوضہ کشمیرمیں مظاہرین پرپیلٹ گن اورآنسوگیس کا استعمال ہوا۔ دنیا نے دیکھا کہ سب سےبڑی جمہوریت نے فسطائیت کا مظاہرہ کیا۔ آج دنیا بھارت کا اصل چہرہ دیکھ رہی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں مکمل لاک ڈاؤن کررکھا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ادویات اورخوراک کی شدید قلت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سرینگر ایئر پورٹ پر راہول گاندھی کو باہر نہیں نکلنے دیا گیا۔ راہول گاندھی کو اگلے جہاز سے واپس بھیج دیا گیا۔ اگر مقبوضہ کشمیر میں چھپانے کے لیے کچھ نہیں تھا تو راہول گاندھی کو جانے کی اجازت دیتے۔

کانگریس لیڈر کو پریس کانفرنس کے دوران گرفتار کیا گیا۔ بھارتی یکطرفہ اقدامات کوبھارتی اپوزیشن کے بہت سے رہنما بھی مسترد کرچکے ہیں۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے رابطہ ہوا۔ سیکریٹری جنرل یواین سے بھارت کیجانب سے کلسٹربم کے استعمال کا بھی تذکرہ کیا۔ سیکرٹری جنرل یواین کو بتایا بھارت کسی جھوٹے آپریشن کی تیاری کر رہا ہے۔

سیکرٹری جنرل یواین سے کہا کہ اقوام متحدہ فی الفور کردار ادا کرے۔ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اٹھانے میں بھی فی الفور کردارادا کرے۔ اقوام متحدہ کو چاہیے کہ اپنے ممبر ممالک کو صورتحال سے فوری آگاہ کرے۔ مقبوضہ کشمیرمیں نیا انسانی المیہ جنم لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ انسانی حقوق کمشنر کوآزاد کشمیر کے دورے کی دعوت دیتے ہیں۔ انہوں کہا کہ یواے ای پرکسی تیسرے ملک سے تعلقات سے متعلق قدغن نہیں لگا سکتے،کابینہ کی منظوری کے بعد کشمیرکے بارے میں اگلا لائحہ عمل جلد شیئر کریں گے۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 24/08/2019 - 19:16:31

Your Thoughts and Comments