ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ، نیوزی لینڈ نے سری لنکا کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں پر 382 رنز بنا کر مجموعی طور پر 138 رنز کی برتری حاصل کر لی، لیتھم 154 رنز بنا کر نمایاں، گرینڈ ہوم 83اور واٹلنگ 81 رنز بنا کر ناقابل شکست

اتوار 25 اگست 2019 17:55

کولمبو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اگست2019ء) آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان جاری دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ ڈرا کی طرف گامزن ہے، کیویز نے چوتھے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 382 رنز بنا کر مجموعی طور پر 138 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے، کولن ڈی گرینڈ ہوم 83 اور واٹلنگ 81 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔

(جاری ہے)

اتوار کو کولمبو ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 196 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو ٹام لیتھم 111 اور واٹلنگ 25 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز سے دن کا آغاز کیا اور سکور 269 تک پہنچا دیا، یہاں پر لیتھم جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 154 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد پریرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، اس کے بعد واٹلنگ اور گرینڈ ہوم حریف بائولرز کے سامنے چٹان بن گئے اور دن ختم ہونے تک مزید نقصان نہ ہونے دیا، اسطرح چوتھے روز جب کھیل ختم ہوا تو کیویز نے پہلی اننگز میں 5 وکٹوں پر 382 رنز بنا لئے تھے اور اسے سری لنکا کے خلاف مجموعی طور پر 138 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے، گرینڈ ہوم 83 اور واٹلنگ 81 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔

وقت اشاعت : 25/08/2019 - 17:55:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :