دعا ہے کہ مقبوضہ کشمیر جلد سے جلد آزاد ہو:سعید اجمل

کشمیری ہمارے بھائی ہیں، دل و جان سے ان کے ساتھ ہیں:سابق ٹیسٹ کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 25 اگست 2019 18:46

دعا ہے کہ مقبوضہ کشمیر جلد سے جلد آزاد ہو:سعید اجمل
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 اگست 2019ء) سابق سپنر سعید اجمل نے کہا کہ کشمیری ہمارے بھائی ہیں، دل و جان سے ان کے ساتھ ہیں، دعا ہے کشمیر جلد سے جلد آزاد ہو،سعید اجمل نے کہا کہ پاک آرمی سمیت تمام پاکستانی کشمیریوں کے دکھ میں شریک ہیں، بھارت کو کشمیریوں پر ظلم و تشدد ختم کرنا چاہئے،ایک سوال کے جواب میں سعید اجمل نے کہا کہ پاکستان پر امن ملک ہے، سری لنکن ٹیم کے پاکستان آنے سے عالمی کرکٹ بحال ہوگی۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل دو ہفتوں سے جاری کرفیو سے عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے اور اب غذائی قلت کے خطرات بھی منڈلانے لگے ہیں۔یاد رہے کہ 5 اگست کو مودی سرکار کی جانب سے آرٹیکل 370 اے ختم کر دیا ہے جسکے تحت غیر مقامی افراد مقبوضہ کشمیر میں سرکاری نوکریاں حاصل نہیں کر سکتے تھے ،بھارت کے آئین میں کشمیر سے متعلق دفعہ 370 کی شق 35 اے کے تحت غیر کشمیری مقبوضہ وادی میں زمین نہیں خرید سکتے تھے، 35 اے دفعہ 370 کی ایک ذیلی شق ہے جسے 1954ءمیں ایک صدارتی فرمان کے ذریعے آئین میں شامل کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اس دفعہ کے تحت جموں و کشمیر کو بھارتی وفاق میں خصوصی آئینی حیثیت حاصل دی گئی تھی،آرٹیکل 35 اے، بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 کا حصہ ہے،آرٹیکل 370 کی وجہ سے جموں کشمیر کو خصوصی ریاست کا درجہ حاصل تھا۔آرٹیکل 35 اے کے مطابق کوئی شخص صرف اسی صورت میں جموں کشمیر کا شہری ہو سکتا ہے اگر وہ یہاں پیدا ہوا ہو۔ کسی بھی دوسری ریاست کا شہری جموں کشمیر میں جائیداد نہیں خرید سکتا اور نہ ہی یہاں کا مستقل شہری بن سکتا ہے نہ ہی ملازمتوں پر حق رکھتا ہے۔

یہی آرٹیکل 35 اے جموں و کشمیر کے لوگوں کو مستقل شہریت کی ضمانت دیتا ہے۔اسے ہٹانےکی کوشش کی جاتی ہے تو اسکا مطلب یہ ہو گا کہ بھارت کشمیر کے خصوصی ریاست کے درجے کو ختم کر رہا ہے۔ آرٹیکل 370 کی وجہ سے صرف 3ہی معاملات بھارت کی مرکزی حکومت کے پاس تھے جن میں سکیورٹی، خارجہ امور اور کرنسی شامل ہیں، باقی تمام اختیارات جموں و کشمیر حکومت کے پاس تھے۔ 
وقت اشاعت : 25/08/2019 - 18:46:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :