قائد اعظم ٹرافی میں ”نو ٹاس“ کا آپشن دیا جائیگا

انگلینڈ کے بعد پاکستان دوسرا ملک ہوگا جس میں فرسٹ کلاس میچ ٹاس کے بغیر شروع ہوگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 26 اگست 2019 12:36

قائد اعظم ٹرافی میں ”نو ٹاس“ کا آپشن دیا جائیگا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26اگست 2019ء) اب پاکستان میں فرسٹ کلاس میچ ٹاس کے بغیر شروع ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی میں ’نو ٹاس‘ کا منفرد تجربہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انگلینڈ کے بعد پاکستان دوسرا ملک ہوگا جس میں فرسٹ کلاس میچ ٹاس کے بغیر شروع ہوگا۔ مہمان ٹیم کو پہلے بولنگ کا آپشن دیا جائےگا۔

پی سی بی ستمبر کے دوسرے ہفتے میں قائد اعظم ٹرافی شروع کرنے کی تیاری کررہا ہے۔ فرسٹ کلاس میچز میں اگر مہمان ٹیم کو پچ سے شکایت ہے اور وہ اپنے مضبوط بولنگ اٹیک سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے تو وہ نو ٹاس کا آپشن استعمال کرسکتا ہے۔نئے سسٹم کے تحت چھ صوبائی ٹیموں کے درمیان ٹورنامنٹ ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر کرایا جائےگا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے نظام سے ٹاس کا کردار ختم ہوجائےگا، یہ ایڈوانٹیج وزٹنگ ٹیم کو ہوگا تاہم ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میچ روایتی انداز میں ٹاس کے ساتھ ہی ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر دورہ کرنےوالی ٹیم چاہے گی تو اسکے پاس آپشن ہوگا کہ وہ پہلے بولنگ کرسکتی ہے تاہم اگر دونوں ٹیمیں پہلے بیٹنگ کرنا چاہیں گی تو پھر ٹاس کا آپشن استعمال ہوگا۔عام طور پر کرکٹ میچ کا آغاز ٹاس سے ہوتا ہے، میچ شروع ہونے سے تیس منٹ قبل ٹاس ہوتا ہے اور ٹاس جیتنے والی ٹیم پہلے بیٹنگ یا بولنگ کا فیصلہ کرتی ہے۔پی سی بی نئے فرسٹ کلاس سیزن کو پرکشش بنانے کیلئے کئی تجربات کررہی ہے۔

نو ٹاس کا فیصلہ سب سے منفرد اور اہم ہوگا۔2016 ءمیں انگلینڈ کے کاﺅنٹی میچوں میں ٹاس میں سکے کا استعمال ختم کردیا گیا تھا، انگلش بورڈ یہ تجربہ ٹیسٹ میچوں میں بھی کرنا چاہتا تھا لیکن اسے آئی سی سی میٹنگ میں اس تجویز پر حمایت نہ مل سکی۔ملکی فرسٹ کلاس سیزن کئی سالوں سے مسائل اور مشکلات کی زد میں رہا ہے لیکن پی سی بی نے وزیر اعظم عمران خان کی مشاورت سے نئے سسٹم کو متعارف کرایا ہے۔
وقت اشاعت : 26/08/2019 - 12:36:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :