سینئر سری لنکن کھلاڑی دورہ پاکستان میں روڑے اٹکانے لگے

لاستھ مالنگا،کارونارتنے اورسرنگا لکمل کا پاکستان آنا دشوار،جس نے انکارکیااسکی ٹیم میں پوزیشن پر بھی کوئی اثر نہیں پڑےگا:پلیئرز کو پیغام

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 3 ستمبر 2019 11:32

سینئر سری لنکن کھلاڑی دورہ پاکستان میں روڑے اٹکانے لگے
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3 ستمبر2019ء) کرکٹ سری لنکا کو دورہ پاکستان کیلئے اپنے زیر معاہدہ کھلاڑیوں کو رضا مند کرنے میں کافی مشکلات کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایس ایل سی حکام آئندہ ہفتے کھلاڑیوں کو دورے پر قائل کرنے کی کوشش کریں گے جبکہ مہمان ٹیم کا اعلان رواں ماہ کے دوسرے ہفتے میں متوقع ہے۔ واضح رہے کہ آئی لینڈرز کو تین ٹی ٹونٹی اور تین ون ڈے میچز کراچی اور لاہور میں کھیلنے ہیں اور دونوں بورڈز کی مشاورت سے یہ دورہ 27ستمبر سے نو اکتوبر تک شیڈول کیا گیا ہے تاہم سری لنکا کے کپتان دیموتھ کرونا رتنے ، تھیسارا پریرا سمیت کئی سٹار کھلاڑی سکیورٹی کو جواز بنا کر میچوں کیلئے پاکستانی سرزمین پر قدم رکھنا نہیں چاہتے۔

ذرائع کے مطابق نروشن ڈکویلا نے پاکستان کے دورے سے بچنے کیلئے ویسٹ انڈیز جاکر کیریبین پریمیئر لیگ کھیلنے کیلئے اپنے بورڈ سے اجازت طلب کر لی ہے جبکہ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان لاستھ مالنگا بھی ممکنہ طور پر دورے سے دستبرداری اختیار کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اگر سینئر اور سٹار کھلاڑیوں کی خدمات حاصل نہ کی جا سکیں تو دوسرے درجے کی ٹیم کو پاکستان بھیجنے کا امکان ہے۔

سری لنکن وزیر کھیل ہرین فرنینڈو نے بتایا کہ پاکستان جاکر کھیلنے کیلئے راضی نہ ہونے والے کھلاڑیوں میں سرنگا لکمل بھی شامل ہیں۔ دورے پر ان کی فیملی کو بہت زیادہ سکیورٹی خدشات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت محسوس ہوئی تو وہ خود کھلاڑیوں کے ساتھ پاکستان جانے کیلئے تیار ہیں تاکہ ان کے حوصلے بلند ہو سکیں۔2017ءمیں سری لنکا کے چیف سلیکٹر گریم لبروئے نے پاکستان کے ٹور سے متعلق سخت رویہ اختیار کرتے ہوئے دورے سے انکار کرنے پر اپل تھارنگا کو قیادت سے ہٹا دیا تھا مگر موجودہ چیف سلیکٹر اشانتھا ڈی میل کا معاملہ دوسرا ہے، وہ خود کھلاڑیوں کو ورغلانے میں پیش پیش دکھائی دیتے ہیں،انھوں نے پاکستان جانے یا نہ جانےکا معاملہ پلیئرز پر چھوڑ دیا اور انھیں یقین دہانی بھی کرا دی کہ اگر کسی نے انکار کیا تو بھی اس کی ٹیم میں جگہ خطرے میں نہیں پڑےگی، ساتھ میں اس بات کی بھی تصدیق کردی کہ وہ بطور ٹیم منیجر خود بھی پاکستان نہیں جائیں گے۔

واضح رہے کہ کرکٹ سری لنکا کے وفد نے گزشتہ دنوں پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں سکیورٹی انتظامات پر اظہار اطمینان کے بعد ایس ایل سی نے کراچی اور لاہور میں مختصر اوورز کی سیریز کھیلنے کا اعلان کیا جبکہ دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائےگی۔ ایس ایل سی ترجمان نے امید ظاہر کی کہ کھلاڑی دورے کیلئے راضی ہو جائیں گے کیونکہ ورلڈ الیون پاکستان میں کھیل چکی ، پی ایس ایل کا پر امن طریقے سے انعقاد ہوا،حالیہ عرصے میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اس لئے مستقبل میں دورہ پاکستان میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
وقت اشاعت : 03/09/2019 - 11:32:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :