ٹیسٹ رینکنگ : سٹیو سمتھ نے کوہلی سے پہلی پوزیشن چھین لی

پاکستان کے محمد عباس کا باﺅلرز میں 10واں نمبر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 3 ستمبر 2019 15:37

ٹیسٹ رینکنگ : سٹیو سمتھ نے کوہلی سے پہلی پوزیشن چھین لی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3 ستمبر2019ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں آسٹریلوی بلے باز سٹیو سمتھ نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے پہلی پوزیشن چھین لی۔آئی سی سی کی جانب سے جاری بلے بازوں کی ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق سابق آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ ایشز سیریزمیں عمدہ کارکردگی دکھانے کی بدولت 904 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور وہ 903 پوائنٹس کے ساتھ رینکنگ میں دوسرے نمبر پربراجمان ہیں۔ٹیسٹ ٹیموں کی رینکنگ کی بات کی جائے تو ویسٹ انڈیز کو سیریز میں کلین سویپ کرنے کے بعد بھارت پہلے نمبر پر آ گیا ہے،دیگر ٹیموں میں نیوزی لینڈ دوسرے، جنوبی افریقہ تیسرے، انگلینڈ چوتھے، آسٹریلیا پانچویں، سری لنکا چھٹے جبکہ پاکستان 84 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر موجود ہے۔

(جاری ہے)

باولرز کی رینکنگ کی بات کریں تو آسٹریلیا کے تیز گیند باز پیٹ کمنز پہلے، کگیسو راباڈا دوسرے، بمرا تیسرے، جیسن ہولڈر چوتھے، جیمز اینڈرسن پانچویں، ویرون فلینڈر چھٹے، ٹرینٹ بولٹ ساتویں، ویگنر آٹھویں، روچ نویں اور پاکستان کے محمد عباس دسویں نمبر پر براجمان ہیں۔آل راﺅنڈرز رینکنگ میں کوئی پاکستانی کھلاڑی ٹاپ ٹوینٹی میں بھی جگہ نہ بنا سکا جبکہ ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر کا آل راﺅنڈرز رینکنگ میں پہلا نمبر ہے۔ 
وقت اشاعت : 03/09/2019 - 15:37:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :