ویسٹ انڈیز سے سیریز، بورڈ اور براڈ کاسٹر میں 3 ملین ڈالرکا تنازع حل

براڈ کاسٹر نے بورڈ کو8 لاکھ 10 ہزار ڈالر کی ادائیگی کر دی ، باقی رقم کا مفت ایئرٹائم ملے گا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 6 ستمبر 2019 14:46

ویسٹ انڈیز سے سیریز، بورڈ اور براڈ کاسٹر میں 3 ملین ڈالرکا تنازع حل
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6 ستمبر2019ء) پی سی بی اور براڈکاسٹ ادارے میں تین ملین ڈالرکا تنازع عدالت سے باہر ہی طے ہوگیا، ویسٹ انڈیز سے سیریز کے تین ٹی ٹونٹی میچزکا یہ مسئلہ 2018 ءسے جاری تھا جسے اب احسان مانی نے حل کرایا،اپریل2018ءمیں کیریبیئن کرکٹ ٹیم نے3ٹونٹی 20 میچزکیلئے پاکستان کا دورہ کیا تھا، چونکہ یہ سیریز فیوچر ٹور پروگرام کا حصہ نہیں تھی،اس لیے پی سی بی نے براڈکاسٹر سے علیحدہ3ملین ڈالر فیس طلب کی،اس کا جواب تھاکہ اسے بھی معاہدے میں ہی شامل ہونا چاہیے لہذا اضافی ادائیگی کا جواز نہیں بنتا،کافی وقت گذرنے کے باوجود یہ رقم بورڈ کو نہیں مل سکی تھی۔

سابق چیئرمین نجم سیٹھی مستعفی ہونے سے قبل اسکی انوائس جاری کرا گئے اس لیے معاملہ ایسے ہی ختم نہیں کیا جا سکتا تھا۔

(جاری ہے)

فروری میںگورننگ بورڈ کے سامنے بھی یہ مسئلہ پیش کیا گیا تھا۔اس موقع پرکیس لیگل ڈپارٹمنٹ کو بھیجنے کا فیصلہ ہوا جو دستیاب آپشنز دیکھ کر کوئی قدم اٹھاتا، البتہ اب چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی کوششوں سے معاملہ عدالت کے باہر ہی طے ہو گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ براڈ کاسٹر نے کرکٹ بورڈ کو8 لاکھ 10 ہزار ڈالر کی ادائیگی کر دی جبکہ باقی رقم کا مفت ایئرٹائم ملے گا جسے ڈومیسٹک میچز میں استعمال کیا جائےگا، پی سی بی نے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ نئے فارمیٹ میں ہونےوالے مقابلے براہ راست نشر ہوں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ برس اپریل میں منعقدہ سیریز میں کئی ویسٹ انڈین سٹار کھلاڑی سکیورٹی خدشات کی وجہ سے شریک نہیں ہوئے تھے، پی سی بی نے منہ مانگا معاوضہ دے کر مہمان ٹیم کو دورے پر بلایا تھا۔
وقت اشاعت : 06/09/2019 - 14:46:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :