عبدالقادرکی وفات نےایک دوست سےمحروم کردیا،جس کادلی صدمہ ہے

انہوں نے دنیا بھر میں وطن کا نام روشن کیا، پاکستان ایک عظیم کرکٹر سے محروم ہو گیا: وزیراعظم عمران خان کا مایہ ناز کرکٹرعبدالقادر کی وفات پر گہرے دکھ ، افسوس کا اظہار

muhammad ali محمد علی جمعہ 6 ستمبر 2019 23:36

عبدالقادرکی وفات نےایک دوست سےمحروم کردیا،جس کادلی صدمہ ہے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 ستمبر2019ء) عبدالقادرکی وفات نےایک دوست سےمحروم کردیا،جس کادلی صدمہ ہے، انہوں نے دنیا بھر میں وطن کا نام روشن کیا، پاکستان ایک عظیم کرکٹر سے محروم ہو گیا، وزیراعظم عمران خان کا مایہ ناز کرکٹرعبدالقادر کی وفات پر گہرے دکھ ، افسوس کا اظہار۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے مایہ ناز سابق کرکٹر اور جادوگر اسپنر کے طور پر مشہور عبد القادر انتقال کر گئے ہیں۔

عبد القادر کے انتقال پر وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے مایہ ناز کرکٹرعبدالقادر کی وفات پر گہرے دکھ ، افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک بہترین دوست سے محروم ہوگئے ہیں۔ عبدالقادر نے دنیا بھر میں وطن کا نام روشن کیا تھا، ان کی وفاقت سے پاکستان ایک عظیم کرکٹر سے محروم ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق عبد القادر کو دل کا دورہ پڑا جس کے بعد انہیں ہسپتال لے جایا گیا، تاہم وہ راستے میں ہی انتقال کر گئے۔ عبد القادر کے اہل خانہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جمعہ کے روز ان کی طبیعت اچانک خراب ہوئی۔ عبد القادر نے بتایا کہ انہیں دل میں تکلیف محسوس ہو رہی ہے جس کے بعد انہیں فوری لاہور کے پنجاب کارڈیالوجی ہسپتال لے جایا گیا۔

تاہم عبد القادر کو جب تک ہسپتال پہنچایا گیا، تب تک وہ اس جہاں فانی سے کوچ کر چکے تھے۔ اس حوالے سے عبد القادر کے صاحبزادے سلمان قادر نے بتایا ہے کہ ان کے والد کو کبھی بھی دل کا مرض لاحق نہیں تھا۔ آج اچانک انہیں دل میں تکلیف ہوئی تھی جس کے بعد انہیں ہسپتال لے جایا گیا تھا۔ تاہم ڈاکٹرز کا دعویٰ ہے کہ ان کے والد کا ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی انتقال ہو چکا تھا۔

عبد القادر کو پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین لیگ اسپنر کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔ عبد القادر وزیراعظم عمران خان کے قریبی دوست بھی تھے۔ عبد القدار 15 ستمبر 1955 کو لاہور میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے ٹیسٹ کیرئیر کا آغاز 1977 جبکہ ایک روزہ کرکٹ کیرئیر کا آغاز 1983 میں کیا تھا۔ عبدالقادرنے67 ٹیسٹ اور 104 ایک روزہ میچزمیں پاکستان کی نمایندگی کی۔ عبدالقادرنے ٹیسٹ کرکٹ میں 236 اور ون ڈے میں 132 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ جبکہ وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر بھی رہ چکے تھے۔ ان ہی کے دور میں پاکستان نے 2009 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتا تھا۔ عبد القادر کے انتقال پر ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
وقت اشاعت : 06/09/2019 - 23:36:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :