انڈر 19 ایشیا کپ، بھارت نے پاکستان کو 60 رنز سے ہرا دیا، کپتان روحیل نذیر کی سنچری رائیگاں

ہفتہ 7 ستمبر 2019 17:43

انڈر 19 ایشیا کپ، بھارت نے پاکستان کو 60 رنز سے ہرا دیا، کپتان روحیل نذیر کی سنچری رائیگاں
کولمبو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2019ء) انڈر 19 ایشیا کپ کے اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کو 60 رنز سے ہرا دیا، بھارت انڈر 19 نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 305 رنز بنائے، ارجن آزاد اور تلک ورما نے سنچریاں سکور کیں، پاکستان انڈر 19 کی ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 47 ویں اوور میں 245 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، کپتان روحیل نذیر نے 117 رنز کی دلکش اننگز کھیلی تاہم وہ پاکستان کو شکست سے نہ بچا سکے، ارجن آزاد کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔

ہفتہ کو کھیلے گئے گروپ اے کے اہم میچ میں بھارت انڈر 19 نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے، ارجن آزاد نے 124 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، تلک ورما 110 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، پاکستان انڈر 19 کی جانب سے نسیم شاہ اور عباس آفریدی نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

پاکستان انڈر 19 مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 46.4 اوورز میں 245 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، کپتان روحیل نذیر نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 117 رنز کی دلکش اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے، حارث خان 43 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔ اینکولیکر نے تین جبکہ پٹیل اور ششانت مشرا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
وقت اشاعت : 07/09/2019 - 17:43:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :