باسکٹ بال ایسوسی ایشن کا دفاع وطن کے شہداء کو خراج عقیدت

ہفتہ 7 ستمبر 2019 18:27

باسکٹ بال ایسوسی ایشن کا دفاع وطن کے شہداء کو خراج عقیدت
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2019ء) ڈپٹی کمشنر سائوتھ سید صلاح الدین احمد نے کہا ہے کہ کھلاڑی دفاع وطن کے لئے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ساتھ کھڑے ہیں۔ ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوںنے کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام دفاع وطن کے جانثاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے عبدالناصر باسکٹ بال کورٹ آرام باغ کراچی پر منعقدہ یوم دفاع کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں شہر کی ممتاز کھیلوں کی شخصیات اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سائوتھ سید صلاح الدین احمد کو انتظامی و کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے اعلیٰ خدمات پر کے بی بی اے کی جانب سے یوم دفاع گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید صلاح الدین احمد نے مزید کہا کہ پاکستان عظیم اسلامی ریاست ہے اور ہماری بہادر افواج دشمن کی ہر جارحیت کا مقابلہ کرنا اچھی طرح جانتی ہے آج ہم 6 ستمبر کے اُن عظیم بہادر جانثار شہداء وطن کو یاد اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے جمع ہوئے ہیں۔

ہمارے افواج کے بہادر سپوتوں نے دفاع وطن کے لئے اپنی جانوں کو نذرانہ پیش کیا مگر وطن پر آنچ نہیں آنے دی۔ تقریب سے کے بی بی اے کے صدر غلام محمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس اجتماع کے ذریعے افواج پاکستان کو آج کھلاڑی یہ پیغام دے رہے ہیں کہ دفاع وطن کیلئے جب بھی ہمارے خون کی ضرورت پڑی ہمارا خون وطن کے تحفظ اور سلامتی کے لئے حاضر ہے۔

غلام محمد خان نے اس موقع پر سید صلاح الدین احمد کی کھیلوں میں خدمات انجام دینے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب سے محمد سلیم خمیسانی، محمد ارشد، عبدالناصر، محمد یعقوب، سابق باسکٹ بال پلیئر روبینہ شاہین، زعیمہ خاتون، طارق حسین، مائیکل ٹرنر، راج کمار لکھوانی، زاہد ملک، عامر شریف اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور افواج پاکستان کی جرات و بہادری اور ہمت پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ قبل ازیں قومی باسکٹ بال سلیکٹر اور انٹر نیشنل کھلاڑی عبدالناصر نے ڈپٹی کمشنر سائوتھ سید صلاح الدین احمد کو یوم دفاع گولڈ میڈل پیش کیا۔
وقت اشاعت : 07/09/2019 - 18:27:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :