پاکستان کا دورہ نہ کرنیوالے کھلاڑیوں کےخلاف سری لنکن بورڈ کا بڑا قدم

دورہ پاکستان پر نہ آنے والے کھلاڑی سی پی ایل نہیں کھیلیں گے: بورڈ کا اعلان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 11 ستمبر 2019 11:13

پاکستان کا دورہ نہ کرنیوالے کھلاڑیوں کےخلاف سری لنکن بورڈ کا بڑا قدم
کولمبو(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11ستمبر2019ء) سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان کا دورہ نہ کرنیوالے کھلاڑیوں کو ویسٹ انڈیز میں کریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کیلئے این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔سری لنکن کرکٹ بورڈ کے سی ای او ایشلے ڈی سلوا نے کہا ہے کہ نیشنل ٹیم کیلئے منتخب کھلاڑی کو ٹور سے انکار پر این او سی جاری نہ کرنا بورڈ کی پالیسی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ٹور کے دوران لیگر میچز کیلئے کھلاڑیوں کو این او سی جاری نہیں کئے جاتے، ڈک ویلا اور تھیسارا پریرا نیشنل ٹیم کے ساتھ ٹریننگ کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایسٹر دھماکوں کے فوری بعد اپنی ٹیم سری لنکا بھیجی، ہمیں بھی اپنے ہمسائے بورڈز کا خیال رکھنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ چند کھلاڑیوں کا دورہ نہ کرنا سمجھ میں آتا ہے،موجودہ کھلاڑی لکمل 2009 ءمیں پاکستان کا دورہ کرنیوالی ٹیم میں شامل تھے، ہم کسی کی زندگی خطرے میں نہیں ڈال سکتے، مگر ہمیں اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہئے، پاکستان میں سکیورٹی کی صورت حال اب بہتر ہے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ این او سی جاری کرنے کا مقصد کسی کھلاڑی کو نشانہ بنانا نہیں، تاہم پلیئرز کو زمہ داری پوری کرنی چاہئے۔واضح رہے کہ سری لنکن ون ڈے ٹیم کے کپتان ڈیموتھ کرونا رتنے، ٹی ٹونٹی کپتان لیستھ مالنگا، اینجیلو میتھیوز، سورنگا لکمل، اکیلا دھننجایا، دنیش چندیمل، دھننجیا ڈی سلوا، کوشل پریرا، نیروشن ڈکویلا اور تھسارا پریرا سمیت 10 کرکٹرز نے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا، سری لنکن بورڈ نے ون ڈے ٹیم کی قیادت لاہیرو تھریمانے اور ٹی ٹونٹی کی ڈاسن شناکا کے سپرد کردی۔

اب سی پی ایل میں شریک تھسارا پریرا کو کہا گیا ہے کہ 15 ستمبر سے قبل سری لنکا واپس پہنچ کر رپورٹ کریں، دوسری طرف نیروشن ڈکویلا کو سرے سے این او سی دیا ہی نہیں گیا، وہ قبل ازیں نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کی وجہ سے سی پی ایل کا کوئی میچ نہیں کھیل پائے تھے۔سری لنکا کی ٹیم ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے 25 ستمبر کو پاکستان پہنچے گی۔ 
وقت اشاعت : 11/09/2019 - 11:13:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :