اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان نے کویت کو شکست دے دی

پاکستان نے کویت کو163رنز سے شکست دے دی، پاکستان کی جانب سے 3 کھلاڑیوں کی نصف سنچریاں، دھواں دار بیٹنگ اور شاندار باوٴلنگ پرمحمد وسیم مین آف دی میچ قرار

بدھ 11 ستمبر 2019 12:39

اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان نے کویت کو شکست دے دی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 ستمبر2019ء) سری لنکا میں جاری اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان اور کویت کی ٹیموں کے درمیان میچ ٹائران فرنینڈو اسٹیڈیم موراٹوا میں کھیلا گیا۔ ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے کویت کے خلاف میچ میں 163 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

پاکستان کی جانب سے محمد وسیم نے برق رفتار نصف سنچری اسکور کی۔

محمد و سیم نے 20 گیندوں پر 55 رنز بنائے۔ ان کی اننگ میں 6 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔باوٴلنگ میں محمد وسیم نے 9 اوورز میں 23 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔ انہوں نے 3 اوورز میڈن کیے۔بہترین کارکردگی کی بنیاد پر محمد وسیم کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

میچ میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی جانب سے قاسم اکرم نے 4 کھلاڑیو ں کو آوٴٹ کیا۔

(جاری ہے)

قاسم اکرم نے 6.4 اوورز میں 38 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔ ابوہریرہ نے 2 اور عباس آفریدی نے 1 کھلاڑی کو آوٴٹ کیا۔

335رنز کے تعاقب میں کویت انڈر 19 کرکٹ ٹیم مقررہ 43.4 اوورز میں172 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی۔ کپتان عبدالصادق نے 60 اور گوند کمار نے 45 رنز بنائے۔

اس سے قبل قومی انڈر19 کرکٹ ٹیم کے کپتان روحیل نذیر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 335 رنز بنائے۔میچ میں پاکستان کی جانب سے 3 بلے بازوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔عرفان خان نے 63، حارث خان نے 53 اور محمد وسیم نے55 رنز اسکور کیے۔ فہد منیر 42 اور روحیل نذیر 34 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔ حریف ٹیم کے باوٴلرز نے 17 اضافی رنز دیئے۔

کویت انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی جانب سے جندوہمود نے 4 جبکہ عبدالصادق نے 3 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔



دوسری جانب کویت انڈر 19کرکٹ ٹیم نے اپنی اننگ کا آغاز کیا تو 21رنز کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز پویلین واپس لوٹ چکے تھے۔ جس کے بعد کپتان عبدالصادق اور گوند کمار کے درمیان 110 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔عبدالصادق نے 60 اور گوند کمار نے 45 رنز بنائے۔

کویت کے 6 کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل نہیں ہوسکے تاہم پاکستان نے میچ میں19 اضافی رنز دئیے۔

اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان کا سفر ختم ہوگیا ہے۔ کویت کے خلاف فتح کے باوجود قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم ایونٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔گروپ اے میں پاکستان ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر موجود ہے۔ بھارت اور افغانستان کی ٹیمیں گروپ اے کی دو ٹاپ ٹیمیں ہیں۔
وقت اشاعت : 11/09/2019 - 12:39:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :