13رکنی قومی ٹیم ایشین والی بال چمپئن شپ میں شرکت کے لئے ایران روانہ ہوگئی

بدھ 11 ستمبر 2019 16:05

13رکنی قومی ٹیم ایشین والی بال چمپئن شپ میں شرکت کے لئے ایران روانہ ہوگئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) 13 رکنی قومی ٹیم ایشین والی بال چیمپین شپ میں شرکت کے لئے گذشتہ روز اسلام آباد سے ایران روانہ ہوگئی، چمپئن شپ (کل) جمعہ سے ایران میں شروع ہو گی۔پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوھدری محمد یعقوب نے بتایاکہ 13 رکنی قومی ٹیم کی قیادت ایمل خان کررہے ہیں دیگر کھلاڑیوں میں آصف، کاشف، مبشر، فخر، شیراز، ادریس، بلال خان، ناصر، ظہیر، حیدر، عثمان فریاد اور مراد شامل ہیں، سہیل تاجک دستہ کے سربراہ ہیں دیگر آفیشلز میں ہیڈ کوچ کم (کورین) جبکہ اسسٹنٹ کوچز کے فرائض سعید احمد اور فضل احمد انجام دیں گے ٹیم ہمراہ ٹرینر اکبر علی اور ریفری عبیداللہ شاہ بھی ہونگے۔

(جاری ہے)

چوہدری محمد یعقوب نے بتایا کہ چمپئن شپ 16 ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کو چار گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں ایران، آسٹریلیا، قطر اور سری لنکا، گروپ بی میں جاپان، تائیوان، تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ، گروپ سی میں قازقستان، چین ، عمان اور بھارت جبکہ گروپ ڈی میں پاکستان، کوریا، کویت اور انڈونیشیاء کی ٹیمیں شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے گروپ میں تین میچ کھیلے گا اور پاکستان اپنے گروپ کا پہلا میچ 13 ستمبر کو کوریا کے خلاف، دوسرا14 ستمبرکو انڈونیشیاء کے خلاف جبکہ تیسرا اور آخری گروپ کا اپنا میچ 15 ستمبر کو کویت کے خلاف کھیلے گا، انہوں نے کہا کہ ایونٹ کی تیاری کے سلسلہ میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے تربیتی کیمپ میں بھر پور محنت کررکھی ہے اور امید ہے کہ کھلاڑی ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی-
وقت اشاعت : 11/09/2019 - 16:05:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :