ڈومیسٹک سیزن 20-2019 کے لیے معیاری پچز کی تیاری جاری

سیزن کے آغاز سے قبل ملک بھر میں کیوریٹر ز کے لیے ریفریشرکورسز کا اہتمام ، ایک دہائی کے بعد بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں میچزکے کامیاب انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا، زراعت اور مٹی کے ماہر افرادپچز کی نگرانی میں معاونت کریں گے، چیف کیوریٹر پی سی بی آغا زاہد

بدھ 11 ستمبر 2019 16:57

ڈومیسٹک سیزن 20-2019 کے لیے معیاری پچز کی تیاری جاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 ستمبر2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ڈومیسٹک سیزن 20-2019 کے لیے معیاری پچز تیار کی جارہی ہیں۔آئندہ ڈومیسٹک سیزن 14 ستمبر سے 24 اپریل تک جاری رہے گا۔ جس میں قائداعظم ٹرافی، قومی ٹی ٹونٹی کپ اور پاکستان کپ ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے مقابلے ہوں گے۔ نئے ڈومیسٹک سیزن کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پچز کی تیاری موسمِ گرما کے آغاز سے شروع کردی گئی تھی۔

چیف کیوریٹر پی سی بی آغا زاہد کا کہنا ہے کہ ملک میں 10 مہینے گرمی کا موسم رہتا ہے اس لیے ہم گراوٴنڈز کی تیاری میں گرم موسم کے گھاس کا استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچز کی تیاری کیلیے 15 اپریل سے مئی کے اختتام تک کاوقت موزوں ہوتا ہے۔

ڈومیسٹک سیزن 20-2019 میں تمام ایسوسی ایشن کی کرکٹ ٹیموں کو ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر میچز کھیلنے ہیں۔

(جاری ہے)

ملک بھر کے کرکٹ سنٹرز میں میچز کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے پی سی بی کیوریشن ڈیپارٹمنٹ نے ریفریشر کورسز کا انعقاد کیا ہے۔ریفریشر کورسز میں شرکاء کو متوقع چیلنچز سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی سے آگاہ کیا گیا۔ سنٹرل پنجاب، سدرن پنجاب، ناردرن، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختون خواہ کرکٹ ایسوسی ایشنز میں کام کرنے والے تما م پچ کیوریٹرز نے ریفریشر کورسز میں شرکت کی۔

پی سی بی کے چیف کیوریٹر آغا زاہد نے تمام اسٹاف پر واضح کیا کہ پی سی بی کے نئے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر میں پچز اور گراوٴنڈز کی تیاری اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کو بہترین اور یکساں معیار کی پچز کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں تاکہ شائقین کرکٹ بہترین کھیل سے محظوظ ہوسکیں۔

چیف کیوریٹر پی سی بی آغا زاہد کاکہنا ہے کہ پی سی بی کی نئی انتظامیہ نے پچز کے معیار کی بہتری کو ترجیح دے رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک سیزن میں مقابلے کی فضا بڑھانے کے لیے پی سی بی کیوریشن ڈیپارٹمنٹ میں تعلیمی قابلیت اور وسیع تجربہ رکھنے والے افراد کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب پی ایچ ڈی اور ایم فل کی تعلیم یافتہ افراد ہمارے ساتھ کام کریں گے۔ آغا زاہد نے بتایا کہ ملک کے ہر بڑے سنٹر میں سوئل سائنسدان اور اگرانومسٹ سمیت ماہر افرادگراوٴنڈز اور پچز کی تیاری میں پی سی بی کیوریٹرز کا ساتھ دیں گے۔



پی سی بی کیوریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے 15 اپریل سے گراوٴنڈز میں اسکوائر تیار کرنے کا آغازکیا جاتا ہے۔ چیف کیوریٹر آغا زاہد کا کہنا ہے کہ پچز کی تیاری کے کام میں کوئی چھٹی نہیں ہے ، یہاں موسم سے مقابلہ کیا جاتا ہے۔ اگر مون سون کا موسم طول پکڑلے تو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 3 لاکھ اسکوائر فٹ پر مشتمل قذافی اسٹیڈیم کو اپ گریڈ کیا جاچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک دہائی بعد کوئٹہ میں ڈومیسٹک میچ کے کامیاب انعقاد کی امید ہے۔

2 سال قبل قذافی اسٹیڈیم لاہور اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے پورے گراوٴنڈ پر گھاس اگا دیا گیا تھا تاہم سیزن 20-2019 کے آغاز سے قبل ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کے گراوٴنڈ کو بھی مکمل گھاس سے کوور کردیا گیا ہے۔ چیف کیوریٹر پی سی بی کے مطابق جدید طرز پر پچز کی تیاری کے لیے افرادی قوت کے ساتھ ساتھ مشینری کا استعمال کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ ڈومیسٹک سیزن کے لیے تمام وینیوز پر استعمال کردہ پچز کو نندی پور کی مخصوص مٹی سے تیار کیا گیا ہے جبکہ اسٹیڈیم میں بچھائی گئی ڈھاکہ گھاس کی کٹائی کا عمل بھی جدید مشینری سے مکمل کرلیا گیا ہے۔ آغا زاہدنے کہاکہ پی سی بی کے پاس غیرمتوقع بارش سمیت موسم کی بدلتی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سپر سوپرز اوروکٹ موورز سمیت جدید مشینری دستیاب ہے۔
وقت اشاعت : 11/09/2019 - 16:57:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :