ڈومیسٹک سیزن 2019-20 کے لیے معیاری پچز کی تیاری جاری

ایک دہائی کے بعد بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں میچز کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا‘آغا زاہد زراعت اور مٹی کے ماہر افراد پچز کی نگرانی میں معاونت کریں گے‘چیف کیوریٹر پی سی بی

بدھ 11 ستمبر 2019 22:40

ڈومیسٹک سیزن 2019-20 کے لیے معیاری پچز کی تیاری جاری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سیڈومیسٹک سیزن 2019-20 کے لیے معیاری پچز تیار کی جارہی ہیں۔ آئندہ ڈومیسٹک سیزن 14 ستمبر سے 24 اپریل تک جاری رہے گا۔ جس میں قائداعظم ٹرافی، قومی ٹی ٹونٹی کپ اور پاکستان کپ ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے مقابلے ہوں گے۔ نئے ڈومیسٹک سیزن کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پچز کی تیاری موسمِ گرما کے آغاز سے شروع کردی گئی تھی۔

چیف کیوریٹر پی سی بی آغا زاہد کا کہنا ہے کہ ملک میں 10 مہینے گرمی کا موسم رہتا ہے اس لیے ہم گرانڈز کی تیاری میں گرم موسم کے گھاس کا استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچز کی تیاری کے لیے 15 اپریل سے مئی کے اختتام تک کاوقت موزوں ہوتا ہے۔ڈومیسٹک سیزن 2019-20 میں تمام ایسوسی ایشن کی کرکٹ ٹیموں کو ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر میچز کھیلنے ہیں۔

(جاری ہے)

ملک بھر کے کرکٹ سنٹرز میں میچز کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے پی سی بی کیوریشن ڈیپارٹمنٹ نے ریفریشر کورسز کا انعقاد کیا ہے۔

ریفریشر کورسز میں شرکا کو متوقع چیلنچز سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی سے آگاہ کیا گیا۔ سنٹرل پنجاب، سدرن پنجاب، ناردرن، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختون خوا کرکٹ ایسوسی ایشنز میں کام کرنے والے تمام پچ کیوریٹرز نے ریفریشر کورسز میں شرکت کی۔ پی سی بی کے چیف کیوریٹر آغا زاہد نے تمام اسٹاف پر واضح کیا کہ پی سی بی کے نئے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر میں پچز اور گرانڈز کی تیاری اہمیت کی حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کو بہترین اور یکساں معیار کی پچز کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں تاکہ شائقین کرکٹ بہترین کھیل سے محظوظ ہوسکیں۔چیف کیوریٹر پی سی بی آغا زاہد کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی نئی انتظامیہ نے پچز کے معیار کی بہتری کو ترجیح دے رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک سیزن میں مقابلے کی فضا بڑھانے کے لیے پی سی بی کیوریشن ڈیپارٹمنٹ میں تعلیمی قابلیت اور وسیع تجربہ رکھنے والے افراد کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اب پی ایچ ڈی اور ایم فل کی تعلیم یافتہ افراد ہمارے ساتھ کام کریں گے۔ آغا زاہد نے بتایا کہ ملک کے ہر بڑے سنٹر میں سوئل سائنسدان اور اگرانومسٹ سمیت ماہر افراد گرانڈز اور پچز کی تیاری میں پی سی بی کیوریٹرز کا ساتھ دیں گے۔پی سی بی کیوریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے 15 اپریل سے گرانڈز میں اسکوائر تیار کرنے کا آغازکیا جاتا ہے۔ چیف کیوریٹر آغا زاہد کا کہنا ہیکہ پچ کی تیاری کے کام میں کوئی چھٹی نہیں ہے، یہاں موسم سے مقابلہ کیا جاتا ہے۔

اگر مون سون کا موسم طول پکڑلے تو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 3 لاکھ اسکوائر فٹ پر مشتمل قذافی اسٹیڈیم کو اپ گریڈ کیا جاچکا ہے۔ انہوں نیکہا کہ ایک دہائی بعد کوئٹہ میں ڈومیسٹک میچ کے کامیاب انعقاد کی امید ہے۔2 سال قبل قذافی اسٹیڈیم لاہور اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے پورے گرانڈ پر گھاس اگا دیا گیا تھا تاہم سیزن 2019-20 کے آغاز سے قبل ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کے گرانڈ کو بھی مکمل گھاس سے کوور کردیا گیا ہے۔

چیف کیوریٹر پی سی بی کے مطابق جدید طرز پر پچز کی تیاری کے لیے افرادی قوت کے ساتھ ساتھ مشینری کا استعمال کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ڈومیسٹک سیزن کے لیے تمام وینیوز پر استعمال کردہ پچز کو نندی پور کی مخصوص مٹی سے تیار کیا گیا ہے جبکہ اسٹیڈیم میں بچھائی گئی ڈھاکہ گھاس کی کٹائی کا عمل بھی جدید مشینری سے مکمل کرلیا گیا ہے۔ آغا زاہدنے کہاکہ پی سی بی کے پاس غیر متوقع بارش سمیت موسم کی بدلتی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سپر سوپرز اوروکٹ موورز سمیت جدید مشینری دستیاب ہے۔
وقت اشاعت : 11/09/2019 - 22:40:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :