ہوم سیریز نیوٹرل وینیو پر نہیں” ہوم گراﺅنڈز“ میں ہوگی: پی سی بی کا اٹل فیصلہ

فواد چوہدی کے بیان نے کام خراب کیا، انٹیلی جنس رپورٹ بھارت کی جانب سے دی گئی ہوگی :بورڈ ذرائع کا خیال

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 13 ستمبر 2019 11:15

ہوم سیریز نیوٹرل وینیو پر نہیں” ہوم گراﺅنڈز“ میں ہوگی: پی سی بی کا اٹل فیصلہ
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13ستمبر2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) نے سری لنکا سے نیوٹرل وینیو پر سیریز کو خارج از امکان قرار دے دیا۔سری لنکن کرکٹ ٹیم کو رواں ماہ ہی پاکستان آنا ہے اوراس حوالے سے حائل رکاوٹیں بظاہر ختم ہوتی دکھائی دے رہی تھیں۔ بدھ کو ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سکواڈز کا اعلان بھی کر دیا گیا لیکن پھر اچانک شام کو سری لنکن بورڈ کی ایک پریس ریلیز نے سارا منظرنامہ تبدیل کر دیا جس میں درج تھا کہ ”وزیراعظم آفس کی جانب سے بورڈ کو پاکستان ٹورمیں ٹیم کو لاحق سنگین خطرے سے متعلق قابل بھروسہ اطلاع ملی ہے، لہذا اب سکیورٹی کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا اور اس ضمن میں حکومت سے مدد بھی مانگیں گے“۔

ذرائع نے بتایا کہ حالیہ پیش رفت نے پی سی بی حکام کو پریشان کردیا، وہ سیریز کی تیاریاں جاری رکھے ہوئے تھے کہ اچانک انعقاد ہی خطرے میں پڑگیا، بورڈ نے اس حوالے سے اعلیٰ حکومتی شخصیات کو بھی آگاہ کر دیا ہے،ون ڈے کپتان ڈیموتھ کرونا رتنے، ٹی ٹونٹی قائد لا ستھ مالنگا سمیت10 صف اول کے سری لنکن کرکٹرز پہلے ہی دورے سے دستبردار ہو چکے جس پربورڈ کو دوسرے درجے کی ٹیموں کا انتخاب کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

پی سی بی آئندہ برس پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں ہی کرانےکا فیصلہ کر چکا ہے جبکہ بنگلہ دیش سے ہوم سیریز بھی شیڈول ہے، ایسے میں اگر سری لنکا کی ٹیم نہ آئی تو یہ دونوں ایونٹس بھی متاثر ہو سکتے ہیں، اسی لیے حکام کی پوری کوشش ہے کہ آئی لینڈرز کو قائل کر لیا جائے، ایک آفیشل نے بتایا کہ ابھی تک سری لنکا نے ہمیں سیریز نہ ہونے کا کوئی اشارہ نہیں دیا،دونوںبورڈز میں بات چیت جاری مگریہ انکا اندرونی معاملہ ہے جسے وہی حل کریں گے، پاکستان نے سیریز کیلئے فول پروف انتظامات کیے ہیں،سری لنکن سکیورٹی وفد دوبارہ آئےگا یا نہیں ہمیں اس حوالے سے کوئی معلومات نہیں ہیں،گزشتہ ماہ جو وفد آیا اس میں ایئرمارشل روشن گوناتلیکے بھی شامل تھے، اس نے پاکستانی سکیورٹی کو بہترین قرار دیا جس پر دورہ فائنل ہوسکا مگر اب تازہ پیش رفت حیران کن ہے۔

بورڈ ذرائع نے مزید بتایا کہ محدود اوورز کی سیریز کو نیوٹرل وینیو منتقل کرنےکا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ہم ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل واپسی کیلئے کوشاں ہیں۔ اگر سیریز نہ ہو سکی تو دیگر ٹیموں کو بھی اچھا پیغام نہیں جائےگا، اسلئے ہماری کوشش ہے کہ سری لنکن خدشات کو دور کر کے میچز کا ملک میں ہی انعقاد ممکن بنائیں۔دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزیر فواد چوہدری کی جانب سے متنازع بیان نے صورتحال کو بگاڑ دیا جس پر سری لنکن وزیر کھیل کو سامنے آکر بیان دینا پڑاکہ ” چند کرکٹرز کی دستبرداری کے پیچھے بھارت کا ہاتھ نہیں ہے“،سری لنکن حکومت اس تنازع سے پریشان تھی کہ اچانک سکیورٹی پر نئی انٹیلی جنس رپورٹ مل گئی، بورڈ ذرائع کو لگتا ہے کہ یہ رپورٹ بھارت کی جانب سے ہی دی گئی ہوگی، ماضی میں ایک وارننگ نظرانداز کرنے پر جب سری لنکا میں دہشتگردی ہوئی تو حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا لہذا اس بار وہ اسے نظرانداز نہیں کرنا چاہتی۔


وقت اشاعت : 13/09/2019 - 11:15:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :