ایشز سیریز کا پانچواں ٹیسٹ، انگلینڈ نے پہلے روز 8 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنا لئے،

جو روٹ نے نصف سنچری، جوز بٹلر 64 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود، مچل مارش نے 4 وکٹیں حاصل کیں

جمعہ 13 ستمبر 2019 13:02

ایشز سیریز کا پانچواں ٹیسٹ، انگلینڈ نے پہلے روز 8 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنا لئے،
اوول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2019ء) ایشز سیریز، انگلینڈ اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے مابین پانچویں اور آخری ٹیسٹ کے پہلے روز انگلینڈ نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنا لئے، کپتان جو روٹ نے نصف سنچری بنائی، جوز بٹلر 64 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں، مچل مارش نے چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اوول میں شروع ہونے والے ایشز سیریز کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کے کپتان ٹم پائن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، انگلینڈ کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی پہلی وکٹ 27 پر گر گئی، اوپنر جو ڈینلی 14 رنز بناکر پیٹ کمنز کی گیند پر سٹیو سمتھ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، کپتان جو روٹ اور روری برنز کے مابین 76 رنز کی شراکت قائم ہوئی، برنز 47 رنز بنانے کے بعد جوش ہیزلووڈ کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، 130 کے مجموعی سکور پر انگلینڈ کو تیسرا نقصان اٹھانا پڑا، بین سٹوکس 20 رنز بناکر مچل مارش کا شکار بن گئے، جو روٹ چوتھے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 57 رنز بنانے کے بعد پیٹ کمنز کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، 176 کے مجموعی سکور پر انگلینڈ کو پانچواں نقصان اٹھانا پڑا جب جونی بیر سٹو 22 رنز بنانے کے بعد مچل مارش کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، سیم کرن 15، کرس ووکس 2 اور جوفرا آرچر 5 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، پہلے دن کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنا لئے، جوز بٹلر 64 اور جیک لیچ 10 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔

(جاری ہے)

مچل مارش نے چار جبکہ پیٹ کمنز اور جوش ہیزلووڈ نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
وقت اشاعت : 13/09/2019 - 13:02:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :