وہاب کے سنٹرل کنٹریکٹ پرسوالیہ نشان لگ گیا،تبدیلی متوقع

پی سی بی نے تمام فارمیٹس میں کھیلنے پر قومی پیسر کو بی کیٹیگر ی میں رکھاتھا :ذرائع

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 14 ستمبر 2019 17:21

وہاب کے سنٹرل کنٹریکٹ پرسوالیہ نشان لگ گیا،تبدیلی متوقع
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14ستمبر2019ء) قومی پیسر وہاب ریاض کے طویل دورانیے کی کرکٹ سے آرام کرنے کے فیصلے نے کئی سوالات کھڑے کردئیے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے سنٹرل کنٹریکٹ میں اے اور بی کیٹیگری میں تینوں فارمیٹ میں کھیلنے والوں کو ترجیح دی تھی جس کے تحت ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونیوالے فاسٹ باﺅلر محمد عامر کو سی کیٹیگری جب کہ وہاب ریاض کو بی کیٹیگری دی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق وہاب ریاض کی طویل دورانیے کی کرکٹ سے عارضی ریٹائرمنٹ کے بعد سنٹرل کنٹریکٹ کی کیٹیگری کو تبدیل کیاجاسکتاہے۔ دوسری طرف کرکٹ حلقوں میں سوالات اٹھ رہے ہیں کہ کھلاڑیوں کے سامنے پاکستان کرکٹ بورڈ کی نہیں چل رہی اور ایسا کلچر چلتارہاتو قومی ٹیم کو مستقبل میں بہترین ٹیسٹ کرکٹرز کی کمی شدت سے محسوس ہوگی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ قذافی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ میں کافی عرصے سے اس بارے میں سوچ رہا تھا،جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں کرنا چاہتا، گذشتہ کچھ عرصے سے ریڈ بال میں کارکردگی اچھی نہیں رہی،البتہ وائٹ بال کرکٹ میں اچھا پرفارم کیا۔

انھوں نے کہا کہ اگر میری فٹنس بہتر رہی تو ٹیسٹ کرکٹ میں واپس آﺅں گا، لیگز کا مسئلہ نہیں پاکستان پہلی ترجیح ہونا چاہیے۔ میں این او سی کے باوجود کیریبیئن پریمیئر لیگ میں شرکت کیلیے نہیں گیا، محنت جاری رکھتے ہوئے فٹنس بہتر بناکر اپنے مستقبل کے بارے میں سوچوں گا۔پیسر نے کہا کہ میں ٹیسٹ کرکٹ میں واپس تب ہی آﺅں گا جب سو فیصد پرفارم کرسکوں، جیمز اینڈرسن صرف ایک فارمیٹ کی کرکٹ کھیلتے ہیں، نوجوان کرکٹرز کیلئے بری مثال چھوڑنے کی بات نہیں، میری اور ان کی عمر میں فرق ہے، مجھے اپنے جسم کو دیکھنا ہے، پرفارم نہیں کروں گا تو میڈیا ہی تنقید کرےگا۔
وقت اشاعت : 14/09/2019 - 17:21:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :