سہ ملکی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز، نجیب اللہ کی دھواں دار ففٹی، افغانستان کا زمبابوے کو 28 رنز سے ہرا کر فاتحانہ آغاز

ہفتہ 14 ستمبر 2019 21:49

سہ ملکی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز، نجیب اللہ کی دھواں دار ففٹی، افغانستان کا زمبابوے کو 28 رنز سے ہرا کر فاتحانہ آغاز
ڈھاکہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2019ء) سہ ملکی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز میں نجیب اللہ زدران کی دھواں دار ففٹی کی بدولت افغانستان نے زمبابوے کو 28 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ انداز سے آغاز کیا، زمبابوین ٹیم کو متواتر دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا، افغانی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 197 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، نجیب اللہ زدران نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 30 گیندوں پر 6 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 69 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جواب میں زمبابوین ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 169 رنز بنا سکی، چاکبوا کی 42 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔

ہفتہ کو ڈھاکہ میں کھیلے گئے سہ ملکی سیریز کے دوسرے میچ میں زمبابوین کپتان ہملٹن مسکڈزا نے ٹاس جیت کر پہلے افغانی ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تو افغانستان نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 197 رنز بنائے، رحمان اللہ اور حضرت اللہ زیزئی نے ٹیم کو 57 رنز کا آغاز فراہم کیا، یہاں پر ٹنڈئی چتارا نے حضرت اللہ کو آئوٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، وہ 13 رنز بنا سکے، اگلے اوور میں سین ولیمز نے رحمان اللہ کوبھی پویلین بھیج دیا، انہوں نے 43 رنز بنائے، نجیب تراکئی اور اصغر افغان 14، 14 رنز بنا سکے، 90 کے سکور پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد نجیب اللہ زدران اور محمد نبی نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب درگت بنائی اور 107 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، محمد نبی 38 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، نجیب اللہ 69 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، چتارا اور ولیمز نے 2، 2 اور اینسلے نے ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

جواب میں زمبابوین ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 169 رنز بنا سکی، ریجس چاکبوا 42 اور کائل جروس 15 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، برینڈن ٹیلر 27، کپتان مسکڈزا 3، کریگ ایرون 10، ٹینو ٹینڈا 20، ریان برل 25 نیولی 15 اور سین ولیمز بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، فرید احمد اور راشد خان نے 2، 2 کریم جنت اور گلبدین نائب نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
وقت اشاعت : 14/09/2019 - 21:49:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :