سپورٹس ڈیسک

سہ ملکی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز، افغانستان نے بنگلہ دیش کو 25 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی، محمد نبی کی 84 رنز کی جارحانہ اننگز، مجیب کی 4 وکٹیں، محمد نبی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

اتوار 15 ستمبر 2019 21:35

ڈھاکہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2019ء) سہ ملکی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز میں محمد نبی کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت افغانستان نے بنگلہ دیش کو 25 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی، افغانی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، محمد نبی نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب درگت بنائی، انہوں نے 7 چھکوں کی مدد سے 84 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم ہدف کے تعاقب میں آخری اوور میں 139 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، مجیب الرحمان نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، محمد نبی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

اتوار کو ڈھاکہ میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز کے تیسرے میچ میں افغانی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 164 رنز بنائے، محمد نبی نے 7 چھکوں کی مدد سے 84 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کے ٹوٹل کو فائٹنگ بنایا، اصغر افغان 40 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، نجیب 11، نجیب اللہ زدران 5، حضرت اللہ زیزئی 1، رحمان اللہ اور گلبدین نائب صفر پر آئوٹ ہوئے، محمد سیف الدین نے 4 اور شکیب الحسن نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 139 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، مجیب الرحمان اور فرید احمد نے پہلے 2 اوورز میں دونوں اوپنرز لٹن داس اور مشفق الرحیم کو آئوٹ کر کے حریف ٹیم کی بیٹنگ کی کمر توڑ دی، محموداللہ کے سوا کوئی بھی کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، محموداللہ 44 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان شکیب الحسن 15، صابر رحمان 24، مشفق الرحیم 5، عفیف حسین 16، مصدق حسین 12، محمد سیف الدین 2، لٹن داس اور سومیا سرکار بغیر کوئی رن بنائے اور مستفیض الرحمان 15 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، مجیب الرحمان نے 4 فرید احمد، راشد خان اور گلبدین نائب نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
وقت اشاعت : 15/09/2019 - 21:35:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :