میتھیو ویڈ کی مزاحمتی سنچری ناکافی ثابت، انگلینڈ نے آسٹریلیا کو آخری ایشز ٹیسٹ میچ میں 135 رنز سے ہرا دیا، دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابری پر ختم

آسٹریلوی ٹیم 399 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دوسری اننگز میں 263 رنز بنا کر آئوٹ، براڈ اور لیچ کی 4، 4 وکٹیں

اتوار 15 ستمبر 2019 22:40

اوول۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2019ء) انگلینڈ نے آسٹریلیا کو پانچویں اور آخری ایشز ٹیسٹ میچ میں 135 رنز سے شکست دے دی، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 2-2 سے برابری پر ختم ہوئی، انگلش ٹیم میچ کے چوتھے روز اپنی دوسری اننگز میں 329 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی اور اس نے کینگروز کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 399 رنز کا ہدف دیا تھا، جواب میں آسٹریلوی ٹیم ہدف کے تعاقب میں دوسری اننگز میں 263 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، میتھیو ویڈ کی مزاحمتی سنچری بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، سٹورٹ براڈ اور جیک لیچ نے 4، 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

اتوار کو اوول میں کھیلے گئے پانچویں اور آخری ایشز ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز انگلش ٹیم نے 313 رنز 8 کھلاڑی آئوٹ پر دوسری ادھوری اننگز دو بارہ شروع کی تو پوری ٹیم گزشتہ دن کی اننگز میں 16 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 329 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی اور اس نے آسٹریلیا کو کامیابی کیلئے مجموعی طور پر 399 رنز کا ہدف دیا، جوفرا آرچر 3 اور جیک لیچ 9 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، نیتھن لیون نے 4، پیٹ کمنز، پیٹر سڈل اور مچل مارش نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

جواب میں آسٹریلوی ٹیم ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز میں 263 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، آسٹریلوی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور 29 کے سکور پر دونوں اوپنرز یکے بعد دیگرے آئوٹ ہو گئے، مارکس ہیرس 9 اور ڈیوڈ وارنر 11 رنز بنا کر براڈ کی گیندوں کا نشانہ بنے، مارنس لبوشگنی تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 14 رنز بنانے کے بعد لیچ کی گیند پر سٹمپ آئوٹ ہوئے، 85 کے سکور پر آسٹریلوی ٹیم کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب سمتھ 23 رنز بنانے کے بعد براڈ کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اس موقع پر میتھیو ویڈ اور مچل مارش نے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن 148 کے سکور پر روٹ نے مارش کو آئوٹ کر کے پارٹنرشپ توڑ دی، انہوں نے 24 رنز بنائے، اس کے بعد کپتان ٹم پین نے ویڈ کا ساتھ دیا تاہم 200 کے سکور پر لیچ نے پین کو آئوٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، وہ 21 رنز بنا سکے، 244 کے سکور پر کینگروز کو 7واں نقصان اٹھانا پڑا جب پیٹ کمنز 9 رنز بنا کر براڈ کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، 260 کے سکور پر آسٹریلیا کی آخری امید بھی دم توڑ گئی جب ویڈ جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 117 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد روٹ کی گیند پر سٹمپ آئوٹ ہو گئے، 263 کے سکور پر لیچ نے مسلسل دو گیندوں پر نیتھن لیون اور جوش ہیزلووڈ کو آئوٹ کر دیا، اسطرح انگلش ٹیم نے 135 رنز سے کامیابی حاصل کر لی اور دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابری پر ختم ہو گئی۔

براڈ اور لیچ نے 4، 4 اور روٹ نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
وقت اشاعت : 15/09/2019 - 22:40:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :