ہیڈ کوچ مصباح نے کھلاڑیوں کی مرغن غذائیں بند کردیں

کھلاڑیوں کو دال چاول، بار بی کیو، پاستا دیا جانے لگا،فروٹ بھی وافر مقدار میں موجود

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 16 ستمبر 2019 16:42

ہیڈ کوچ مصباح نے کھلاڑیوں کی مرغن غذائیں بند کردیں
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16ستمبر2019ء) مصباح الحق کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر بننے کے بعد پاکستانی کرکٹ میں فٹنس اور کھانے کے کلچر میں نمایاں تبدیلی آنے لگی، قومی اکیڈمی اور قائد اعظم ٹرافی میچوں میں مرغن کھانوں پر پابندی لگادی گئی ہے،ہیڈ کوچ نے کھلاڑیوں کے لئے فٹنس کو لازمی قرار دے دیا ہے۔مصباح پلیئرز کی کارکردگی کا جائزہ لینے روزانہ قذافی سٹیڈیم آکر قائد اعظم ٹرافی کے میچ دیکھنے آتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مصباح الحق نے لاہور میں کیمپ ختم ہونے کے بعد کپتان سرفراز احمد سمیت 6 کھلاڑیوں کو گھر جانے سے روکتے ہوئے فٹنس پر خاص کام کرنے کی ہدایت کی جب کہ فرسٹ کلاس ٹیموں کے کوچز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ ہر کھلاڑی کی فٹنس کو مانیٹر کیا جا ئے۔ مصباح الحق نے سب سے پہلے قومی اکیڈمی لاہور میں کھانے کا مینیو تبدیل کرادیا ہے اور اب اکیڈمی میں کھلاڑیوں کومرغن کھانوں کے بجائے کم گھی والے ایسے کھانے دیئے جارہے ہیں جن سے ڈائٹ کنٹرول میں رہے ۔

(جاری ہے)

قائد اعظم ٹرافی میںشرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو بھی مرغن کھانوں کی فراہمی بند کردی گئی ہے اور انہیںدال چاول، بار بی کیو، پاستا وغیرہ دیا جارہا ہے جب کہ پہلی بار وافر مقدار میں فروٹ بھی دیا جارہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو ڈائٹ کنٹرول کی خصوصی ہدایت جاری کی گئی ہے، ماضی کے برعکس کھلاڑیوں کو اچھے ہوٹلوں میں ٹھہرایا گیا ہے۔
وقت اشاعت : 16/09/2019 - 16:42:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :