ایشز 2019 ء نے اسمتھ کو ہیرو، وارنز کو زیرو بنادیا

آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے ایشز کے تمام 5 ٹیسٹ کھیلے اور خراب ترین پرفارمنس کا ریکارڈ اپنے نام درج کروا لیا

پیر 16 ستمبر 2019 19:37

ایشز 2019 ء نے اسمتھ کو ہیرو، وارنز کو زیرو بنادیا
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2019ء) انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشیز سیریز دو دو سے برابری پر ختم ہوگئی ، سیریز میں آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ نے بہترین بیٹنگ سے دل جیتے تو ڈیوڈ وارنر کیلئے یہ سیریز ڈرائونا خواب بن گئی۔آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے ایشز کے تمام 5 ٹیسٹ کھیلے اور خراب ترین پرفارمنس کا ریکارڈ اپنے نام درج کروا لیا ، وہ 10 اننگز میں صرف 95 رنز ہی بنا سکے۔

سیریز میں یہ بات دلچسپ رہی کہ انگلش فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ نے 10 میں سے 7 مرتبہ وارنز کو پویلین کی راہ دکھائی اور براڈ کی ہی تباہ کن بولنگ کے باعث چوتھے ٹیسٹ میں وارنر پیئر کی زد میں بھی آئے۔دوسری جانب آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ نے صرف 4 ٹیسٹ میں 774 رنز داغ دیئے جو تقریبا 25 سال بعد کسی بیٹسمین کی سیریز میں بہترین پرفارمنس ہے، اسمتھ نے سیریز میں تین سنچریاں اور تین ہی نصف سنچریاں اسکور کیں۔

(جاری ہے)

ایشز سیریز کے دوران اسٹیو اسمتھ نے کئی ریکارڈ اپنے نام کیے ہیں، انہوں نے انگلینڈ کے خلاف مسلسل 10 اننگز میں 50 یا اس سے زائد رنز بناکر پاکستان کے سابق کپتان انضمام الحق کا ریکارڈ بھی توڑا ہے۔واضح رہے کہ 2018ء میں اس وقت کے آسٹریلوی قائد اسٹیو اسمتھ نے ساتھی کھلاڑیوں بین کرافٹ اور ڈیوڈ وارنر کے ہمراہ جنوبی افریقا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں بال ٹمپرنگ کا اعتراف کیا تھا جس کی پاداش میں اسمتھ اور وارنر پر ایک سال کے لیے کرکٹ کے دروازے بند کر دیے گئے تھے۔پابندی کے خاتمے اور ٹیم کو واپس جوائن کرنے کے بعد سے اسمتھ کا بلا مسلسل رنز اگل رہا ہے جبکہ وارنر ابھی تک اپنی پرانی فارم کی تلاش میں ہیں۔
وقت اشاعت : 16/09/2019 - 19:37:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :