ڈیوس کپ ٹائی،بھارت نئے سرے سے سکیورٹی جائزہ لینے پر مصر

آئی ٹی ایف کا29یا 30نومبر کو اسلام آباد میں مقابلوں کے انعقاد کیلئے گرین سگنل

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 17 ستمبر 2019 13:38

ڈیوس کپ ٹائی،بھارت نئے سرے سے سکیورٹی جائزہ لینے پر مصر
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17ستمبر2019ء) پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی کیلئے آئی ٹی ایف کی جانب سے نئی تاریخوں کے اعلان کے باوجود آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کا اصرار ہے کہ 4نومبر کو سکیورٹی کا نئے سرے سے جائزہ لینے پر ہی اس بات کا تعین ہو سکے گا کہ ڈیوس کپ مقابلے اسلام آباد میں ہی ہوں گے یا انہیں کسی اور جگہ منتقل کرنا ہوگا،انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے پاکستان کو 19نومبر تک کا وقت دیا ہے تاکہ وہ حتمی تاریخ کے حوالے سے کھیل کی عالمی فیڈریشن کو آگاہ کر سکے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی کے لیے نئی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا ہے اور شیڈول میں تبدیلی کے بعد بھی پاکستان ہی مقابلوں کی میزبانی کرے گا۔ایشین اوشیانا گروپ ون کے ٹائی مقابلے اسلام آباد کے پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں 14 اور 15 ستمبر کو منعقد ہونا تھے، جس میں شرکت کے لیے جولائی میں بھارت نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کی تصدیق بھی کی تھی لیکن پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ کشیدہ تعلقات اور سکیورٹی صورتحال کے سبب دونوں ملکوں کے درمیان ڈیوس کپ ٹینس ٹائی ملتوی کردیا گیا تھا تاہم اب ڈیوس کپ ٹائی کے لیے نئی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان 29 یا 30نومبر کو مقابلے ہوں گے تاہم اس سے قبل ایک مرتبہ سکیورٹی کا جائزہ لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ملک میں سکیورٹی خدشات اور غیرملکی ٹیموں کی جانب سے دورہ پاکستان سے انکار کے سبب پاکستان ایک دہائی سے زائد عرصے سے اپنے ڈیوس کپ ٹائی نیوٹرل مقام پر کھیلنے پر مجبور تھا۔اس دوران ایران 2017 ءمیں ڈیوس کپ ٹائی کے لیے 12 سال بعد پاکستان آنےوالی پہلی ٹیم بنی تھی جبکہ ہانک کانگ نے دورہ پاکستان سے انکار کردیا تھا جس کے سبب انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے ان کی تنزلی کرنے کے ساتھ ساتھ جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔
وقت اشاعت : 17/09/2019 - 13:38:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :