کیریبین پریمیئر لیگ، جمیکا تلاواز نے بارباڈوس ٹریڈینٹس کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا

جمیکا تلاواز نے پہلی فتح حاصل کرلی، کپتان والٹن کی ناقابل شکست نصف سنچری، میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

منگل 17 ستمبر 2019 23:53

خنگسٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2019ء) کیریبین پریمیئر ٹی ٹونٹی کرکٹ لیگ میں جمیکا تلاواز نے بارباڈوس ٹریڈینٹس کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر لیگ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی۔ کپتان والٹن نے ناقابل شکست نصف سنچری سکور کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ کنگسٹن میں کھیلے گئے سی پی ایل کے ایک میچ میں بارباڈوس ٹریڈینٹس کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی اور اس نے جمیکا تلاواز کو میچ می کامیابی کے لئے 141 رنز کا ہدف دیا۔

ایشلے نرسی 37 اور پال ڈومنی 31 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان جیسن ہولڈر کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے اور بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

(جاری ہے)

جمیکا تلاواز کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ظاہر خان نے 3، وارکر اور لیویز نے 2،2 وکٹیں لیں۔ جواب میں جمیکا تلاواز نے کپتان والٹن کی ناقابل شکست 51 رنز کی بدولت مطلوبہ ہدف 18.3ویں اوورز میں 6 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ والٹن نے ناقابل شکست 51 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، فلپس نے 28، جویلی گلن نے 27 اور کرس گیل نے 22 رنز بنائے۔ ہولڈر اور ہیڈن والش نے دو،دو وکٹیں لیں۔ والٹن کو ناقابل شکست نصف سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
وقت اشاعت : 17/09/2019 - 23:53:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :