شاہد آفریدی کا قصور میں تین بچوں کی لاشیں ملنے کے بعد قاتلوں کو پھانسی دینے کا مطالبہ

عمران خان ، اب مدینہ کی ریاست کو چلانے کا وقت آپہنچا ہے:سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 18 ستمبر 2019 13:24

شاہد آفریدی کا قصور میں تین بچوں کی لاشیں ملنے کے بعد قاتلوں کو پھانسی دینے کا مطالبہ
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18ستمبر2019ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے قصور میں تین بچوں کی لاشیں ملنے کے بعد ذمہ دار افراد کو پھانسی دینے کا مطالبہ کردیا ۔ سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شاہد آفریدی نے لکھا کہ ” عمران خان ، اب مدینہ کی ریاست کو چلانے کا وقت آپہنچا ہے،جو سندھ اور پنجاب میں ہورہا ہے، اس پر دل خون کے آنسو روتا ہے۔

کیا پنجاب میں آپکی ٹیم میں بہتر، تجربہ کار بندہ نہیں؟مدینہ کی ریاست میں زیادتی کرنے والوں کو سرعام پھانسی دی جاتی، وقت آگیا ہے کہ ہمیں بھی یہی کرنا ہوگا“۔
یاد رہے کہ قصور سے گزشتہ ایک ماہ کے دوران اغوا کیے گئے 3 بچوں کی لاشیں چونیاں کے علاقے سے برآمد ہوئی ہیں۔ قتل کیے گئے دو بچوں کی باقیات اور ایک بچے کی لاش چونیاں انڈسٹریل سٹیٹ کے علاقے سے ملی ہیں اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے بچوں کو مبینہ طور پر زیادتی کے بعد قتل کر کے ان کی لاشیں پھینک دی گئی تھیں۔

(جاری ہے)

مقامی افراد کے مطابق گزشتہ ایک سے دو ماہ کے دوران علاقے سے 5 بچے لاپتہ ہوئے جن میں سے 3 کی لاشیں مل گئی ہیں جبکہ دو بچے اب بھی لاپتہ ہیں البتہ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ عرصے میں تین بچے لاپتہ ہوئے تھے۔ایک بچے کی شناخت 8 سالہ سفیان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ 2 بچوں کی لاشیں ایک ماہ سے زائد پرانی ہونے کے سبب ناقابل شناخت ہیں اور پولیس کا کہنا ہے کہ ان لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے کی مدد لی جائےگی۔

پولیس نے لاشیں تحویل میں لے کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ ڈی پی او قصور عبدالغفار قیصرانی نے کہا کہ واقعے کی تفتیش کےلئے 3 سے 4 ٹیمیں تشکیل دےدی گئی ہیں جو اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہیں، پولیس موبائل لیب آ گئی ہے جو تمام ثبوت اکٹھے کر رہی ہے اور پولیس کو پوری امید ہے کہ ایک سے دو دن کے اندر ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
وقت اشاعت : 18/09/2019 - 13:24:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :